چین کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 12 ہلاکتیں
چین کے جنوبی شہر شانٹو میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ آگ گزشتہ شب ایک چار منزلہ عمارت میں بھڑکی، جسے تقریباً 40 منٹ کی جدوجہد کے بعد بجھادیا گیا۔
چین کی سرکاری خبر ایجنسی ژنہوا کے مطابق آگ منگل کی رات 9 بج کر 20 منٹ پر چار منزلہ رہائشی عمارت میں لگی۔ فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 40 منٹ میں شعلوں پر قابو پالیا، تاہم حادثے میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حکام نے واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
انڈونیشیا: ڈرون کی بیٹری پھٹنے سے عمارت میں آتشزدگی، 22 افراد جاں بحق
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ہانگ کانگ میں لگی حالیہ ہولناک ترین آگ میں ہلاکتوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد چین کی اعلیٰ قیادت نے ہاؤسنگ سیکٹر میں حفاظتی خامیاں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ ماہ چین نے ملک بھر میں ہائی رائز عمارتوں کے فائر سیفٹی اسٹینڈرڈز کی بڑے پیمانے پر جانچ کا اعلان کیا تھا تاکہ ہانگ کانگ جیسے کسی بھی سانحے کو سرزمینِ چین پر روکا جاسکے۔
ہانگ کانگ: رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے ہلاکتیں 128 ہوگئیں، 200 لاپتہ
شانٹو کی آگ ملک میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والے متعدد مہلک حادثات کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔ اپریل میں صوبہ حبی میں ایک نرسنگ ہوم کے بزرگوں کے اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ چند ہفتے بعد شمال مشرقی چین کے ایک ریستوران میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔