شائع 10 دسمبر 2025 09:50am

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کا آغاز

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا استعمال کی پابندی سے متعلق نیا قانون آج سے نافذ ہوگیا، جس کے بعد ملک بچوں کے لیے سوشل میڈیا رسائی محدود کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کئی ماہ کی قانون سازی کے بعد آسٹریلوی حکومت کا نیا سوشل میڈیا ریگولیشن بل اب باضابطہ طور پر لاگو ہوگیا ہے، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے انسٹاگرام، فیس بک، ایکس، اسنیپ چیٹ، ٹک ٹاک، یوٹیوب سمیت متعدد پلیٹ فارمز تک رسائی بند کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں والدین یا بچوں کو کسی قسم کی سزا نہیں دی جائے گی، تاہم سوشل میڈیا کمپنیوں پر بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، جس کی حد 32 ملین امریکی ڈالر تک مقرر کی گئی ہے۔

آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بچوں کی آن لائن حفاظت اور ذہنی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ادھر یورپی ممالک بھی بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی یا سخت نگرانی سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں اور بعض ممالک نے اس سلسلے میں عملی اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں۔

Read Comments