شائع 08 دسمبر 2025 04:20pm

ریچھ کی ہوٹل کے کمروں کے باہر گھومنے کی وڈیو وائرل

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہرگیٹلِنبرگ میں گزشتہ رات ایک بڑا سیاہ ریچھ ہوٹل کی پارکنگ میں گھومتا ہوا پایا گیا۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات دیر گئے پیش آیا، جب سیاح اور عملہ اپنے کمروں میں موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریچھ پارکنگ میں کچھ دیر گھومنے کے بعد دو منزلہ عمارت کی گیلری میں کھڑکیوں کے اندر جھانکتا اور گھومتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جس سے ہوٹل میں موجود افراد خوفزدہ ہو گئے۔

سوشل میڈیا صارفین وڈیو سے محظوظ ہوئے اور دلچسپ تبصروں کا تبادلہ کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ریچھ اپنا کمرہ تلاش کر رہا ہے۔ کسی نے لکھا یہ اپنا پارٹنر تلاش کر رہا ہے، اور کسی نے خوف کا اظہار کیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے یہ وہی ریچھ ہو جو ایک رات قبل گیٹلِنبرگ کرسمس پریڈ کے دوران بھی شہر کے مرکزی حصے میں دیکھا گیا تھا۔ چھٹیوں کا موسم، سیاحوں کی گہماگہمی اور کھلے کھانے کی دستیابی اس وقت پہاڑی علاقوں کے ریچھوں کو شہری حدود کی طرف کھینچ رہی ہے۔

جنگلی حیات کے ماہرین نے بتایا کہ سردیوں میں خوراک کی کمی کے باعث ریچھ اکثر رات کے وقت آبادی والے علاقوں اور بستیوں میں داخل ہو جاتے ہیں، اس لیے شہر کے رہائشیوں اور سیاحوں کو کچرے کے ڈبے ٹھیک سے بند رکھنے اور کھانا کھلا چھوڑنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاقے کے لوگوں اور میڈیا زرائع کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

Read Comments