شائع 05 دسمبر 2025 09:24pm

سندھ کے عوام ہوجائیں ہوشیار! لائسنس اور نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گرفتاری ہوگی

کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ذریعے ای چالان سے بچنے کی کوشش کرنے والے اب ہوشیار ہوجائیں کیوں کہ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم آگیا اور اس سلسلے میں آئی جی سندھ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

آئی جی سندھ کی ہدایات پر بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے والوں اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کارروائی پورے صوبے میں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی جب کہ ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موٹر وہیکل آرڈیننس کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام زونل اور ڈویژنل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے اور ایس ایس پی اے وی ایل سی کو کارروائی کے واضح احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ہدایات کے مطابق متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے تاکہ کارروائی کا عمل مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔

Read Comments