اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2025 12:10pm

غیر اخلاقی ویب سائٹ کے سابق مالک کی روسی آئل کمپنی خریدنے میں دلچسپی کیوں؟

آسٹریا کے معروف بزنس مین بَرنڈ برگمائر جو کبھی غیراخلاقی مواد کی حامل ویب سائٹس کے مشہور گروپ کے بڑے حصے کے مالک تھے، اب پابندیوں کی شکار روسی آئل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔

برنڈ نے امریکی محکمۂ خزانہ سے رابطہ کیا ہے تاکہ روس کی بڑی تیل کمپنی لُک آئل (Lukoil) کے بین الاقوامی اثاثے خریدنے کی اجازت حاصل کی جا سکے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ نے معاملے سے باخبر دو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ برنڈ نے امریکی حکام کو اس بارے میں ابتدائی اشارہ دیا ہے۔

امریکہ نے یوکرین جنگ کی وجہ سے روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے لُک آئل سمیت کئی روسی اداروں پر سخت پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ ان پابندیوں کے باعث لُک آئل کو اپنے غیر ملکی اثاثے بیچنے کا اعلان کرنا پڑا ہے۔

اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں جن میں ایکسون موبل اور شیورون بھی شامل ہیں، امریکی محکمۂ خزانہ سے اجازت لے کر لُک آئل سے بات چیت کی خواہش مند ہیں۔

برنڈ برگمائر نے اپنے وکیل کے ذریعے کہا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ ان کی کن مخصوص اثاثوں میں دلچسپی ہے، اور نہ ہی یہ بتاسکتے ہیں کہ لُک آئل سے ان کا رابطہ ہو چکا ہے یا وہ کسی سرمایہ کار گروپ کا حصہ ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ “لُک آئل انٹرنیشنل جی ایم بی ایچ میں سرمایہ کاری شاندار ثابت ہو سکتی ہے، اور جسے بھی یہ اثاثے ملیں گے وہ خوش قسمت ہوگا۔”

لُک آئل انٹرنیشنل جی ایم بی ایچ کا ہیڈکوارٹر ویانا میں ہے اور اس کے پاس دنیا بھر میں بڑے اثاثے موجود ہیں، جن میں یورپ میں آئل ریفائنریز، قازقستان، ازبکستان، عراق اور میکسیکو میں آئل فیلڈز اور دنیا بھر میں سیکڑوں فیول اسٹیشن شامل ہیں۔

2024 کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تمام اثاثے مجموعی طور پر تقریباً 22 ارب ڈالر مالیت کے ہیں۔

امریکی محکمۂ خزانہ نے گزشتہ ماہ کمپنیوں کو 13 دسمبر تک لُک آئل سے بات چیت کی اجازت دی ہے، تاہم کسی بھی حتمی سودے کے لیے واشنگٹن سے باضابطہ منظوری لینا ضروری ہوگی۔

برنڈ برگمائر کون ہیں؟

برگمائر نے 1990 کی دہائی میں نیویارک میں گولڈ مین سیکس کے ساتھ بطور انویسٹمنٹ بینکر کام کیا۔ اس کے بعد وہ نجی سرمایہ کاری کی دنیا میں داخل ہوئے اور کچھ سال بعد وہ مائنڈگیک (MindGeek) کے بڑے شیئر ہولڈر بن گئے۔

مائنڈ گی وہی کمپنی ہے جو پورن ہب، ریڈ ٹیوب اور یوپورن جیسی غیر اخلاقی مواد کی ویب سائٹس چلاتی تھی۔

مائنڈگیک کو 2023 میں ایک کینیڈین پرائیویٹ ایکویٹی فرم نے خرید لیا تھا۔

2021 میں برطانیہ کے “سنڈے ٹائمز رچ لسٹ” میں برگمائر کی مجموعی دولت کا تخمینہ کم از کم 1.2 ارب پاؤنڈ لگایا گیا تھا۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ امریکہ برگمائر کو لُک آئل کے اثاثے خریدنے کی اجازت دے گا یا نہیں، لیکن عالمی تیل مارکیٹ میں اس سودے کے ممکنہ اثرات کو بڑا اور غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

Read Comments