شائع 02 دسمبر 2025 12:34am

آسٹریلیا میں بغیر ہیلمٹ اسکوٹر چلانے پر انگلش کرکٹرز مشکل میں پھنس گئے

ایشز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی  بغیر ہیلمٹ اسکوٹر چلانے پر مشکل میں پھنس گئے جب کہ بغیر ہیلمٹ اسکوٹرز چلا کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کھلاڑیوں نے آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کے قوانین کی خلاف ورزی کر دی۔

برطانوی خبر رساں ادارے دی ٹیلی گراف کے مطابق ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس سمیت تین کھلاڑیوں کی برسبین میں بغیر ہیلمٹ ای اسکوٹر استعمال کرنے کی تصاویر سامنے آئیں، جو کوئنزلینڈ کے سخت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پرتھ سے برسبین پہنچی جہاں کپتان بین اسٹوکس، مارک ووڈ اور جیمی اسمتھ کو شہر میں لائم ای اسکوٹرز کے ذریعے سفر کرتے دیکھا گیا۔ کوئنزلینڈ کے ٹریفک قوانین کے مطابق ای اسکوٹر چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہے۔

تصاویر میں جیمی اسمتھ کے پاس ہیلمٹ اسکوٹر سے لگا ہوا نظر آیا جب کہ تینوں کھلاڑیوں کو بغیر ہیلمٹ سفر کرتے دیکھا گیا۔ ریاستی قوانین کے مطابق سیکشن 256A(1) کے تحت خلاف ورزی پر 166 آسٹریلین ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب انگلش کھلاڑی آسٹریلیا میں قوانین کی خلاف ورزی پر خبروں کی زینت بنے ہوں۔ 2010-11 کی سیریز میں کیون پیٹرسن کو میلبرن کے قریب تیز رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوا تھا جب کہ 2017 میں ایڈیلیڈ میں براڈکاسٹر جوناتھن ایگنیو کو جے واکنگ پر جرمانہ کیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے کھلاڑی آسٹریلیا میں حالیہ دنوں میں نسبتاً کم عوامی سرگرمیوں میں نظر آئے ہیں، جہاں ٹیم کے ہر عمل پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔

دوسری جانب مارک ووڈ کے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات کم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 11 اوور کرائے تھے اور گھٹنے کی تکلیف کے باعث وہ برسبین ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

گھٹنے کی تکلیف کے باعث انہوں نے ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا اور کنارے بیٹھ کر پریکٹس سیشن دیکھتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق وہ اسی گھٹنے کے آپریشن کے بعد پورا ڈومیسٹک سیزن بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ اگر ووڈ باہر ہو جاتے ہیں تو جوش ٹنگ اور میتھیو پوٹس ان کی جگہ لینے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

ادھر کپتان بین اسٹوکس نے ٹیم کی تیاریوں، پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کے فیصلوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو بہتری کی ضرورت ہے اور بعض مواقع پر فیصلہ سازی بہتر ہو سکتی تھی۔ انہوں نے اپنی چند سابقہ گفتگو میں استعمال کیے گئے الفاظ کی بھی وضاحت کی اور انہیں ’غلطی‘ قرار دیا۔

اسٹار آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پرتھ ٹیسٹ میں بعض مراحل پر بہتر کپتانی کی جا سکتی تھی اور وہ اس حوالے سے خود بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

Read Comments