لکی مروت: پولیس وین پر خودکش حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، 6 زخمی
لکی مروت میں تھانہ تجوڑی کی پولیس وین پر خود کش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور دو تھے، ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ دھماکا تھانہ تجوڑی کی وین کو کٹوخیل اڈہ کے قریب ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او بھی شامل ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دھماکے کے وقت پولیس وین میں 7 اہلکار موجود تھے، ہیڈ کانسٹیبل علاؤالدین خودکش حملے میں شہید ہو گئے جبکہ زخمیوں میں انچارج حق نواز، شاہ گلاب، انور کمال احمد، نعیم اللہ اور نصر اللہ شامل ہیں۔