شائع 28 نومبر 2025 12:22pm

خبردار: دوسری شادی کرنے پر اب ہوگی 10 سال کی قید

بھارتی ریاست آسام کی اسمبلی نے دوسری شادی کرنے پر 10 سال قید سمیت سخت سزاؤں پر مشتمل ’ آسام پروہیبیشن آف پولیگمی بل 2025‘ منظور کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس قانون کا مقصد ازدواجی ذمہ داری کو مضبوط بنانا اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق نیا قانون آسام میں ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کے خلاف سب سے سخت قانونی فریم ورک قرار دیا جا رہا ہے۔ اسمبلی کے ونٹر سیشن کے پہلے ہی دن یہ بل حکومتی رکن کی جانب سے پیش کیا گیا، جس میں پہلی شادی کو قانونی طور پر ختم کیے بغیر دوسری شادی کرنے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔

بل کے مطابق جو افراد اپنی پہلی شادی کو چھپاتے ہیں یا اسے ختم کیے بغیر دوسری شادی کرتے ہیں، انہیں 10 سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی، اور بار بار جرم کرنے والوں کو دوگنی سزا دی جائے گی۔

اسی بل کے تحت شادی کروانے والے شخص کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ وہ افراد جو حکام سے معلومات چھپائیں گے، انہیں 2 سال تک قید اور 1 لاکھ روپے تک جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

شمالی بھارت کی ریاست ’ہماچل پردیش‘ میں شادی کی حیران کن رسم، آپ جان کر حیران رہ جائیں گے

بھارتی کرکٹر چھ سال بڑی مسلم خاتون سے محبت کے بعد شادی میں کامیاب

قانون میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ پابندیاں سِکسٹ شیڈول کے علاقوں اور قبائلی برادریوں پر لاگو نہیں ہوں گی۔

بل کی منظوری کے دوران کانگریس، اے آئی یو ڈی ایف، سی پی آئی (ایم) اور رائجور دل نے متعدد ترامیم تجویز کیں اور مطالبہ کیا کہ مسودہ سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ طویل بحث کے بعد وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانیوں پر کانگریس اور رائجور دل نے اپنی ترامیم کی درخواستیں واپس لے لیں، تاہم اے آئی یو ڈی ایف اور سی پی آئی (ایم) نے اپنی درخواستیں واپس لینے سے انکار کر دیا۔

Read Comments