اپ ڈیٹ 28 نومبر 2025 02:17pm

ہیما مالنی اور ایشا، آہانا دیول کی دھرمیندر کی دعائیہ تقریب میں عدم شرکت

بالی وڈ کی مشہوراداکارہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور آہانا دیول نے آنجہانی اداکار دھرمیندر کی دعائیہ تقریب میں شرکت نہیں کی، جو 27 نومبر کو ممبئی کے تاج لینڈز اینڈ ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔

تقریب میں بالی وڈ کی بڑی شخصیات نے شرکت کی اور لیجنڈ اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دعائیہ تقریب میں دیول خاندان کے دیگر افراد، جن میں سنی دیول، بوبی دیول، کرن دیول اور ابھی دیول شامل تھے۔

سنی اور بوبی نے اپنے والد کی آخری رسومات میں شریک ہونے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دھرمیندر کے ساتھ گزارے ہوئے لمحوں کو یاد کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔ بالی وڈ کے مشہور ستارے ریکھا، سلمان خان، آریان خان، امیشا پٹیل، سوہا علی خان، سدھارتھ ملہوترا، نیہا دھوپیا بھی اس اجتماع میں شریک ہوئے۔

دعائیہ تقریب میں سنی اور بوبی دیول کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں وہ حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

بھارتی اداکار دھرمیندر اور ہیما مالنی نے اسلام قبول کیوں کیا تھا؟

اس افسوسناک موقع پر، گلوکار سونو نگم نے دھرمیندر کے مشہور گانے گائے خراجِ عقیدت کے طور پر پیش کیے ۔ سونو نِگم کی آواز میں دھرمیندر کے گانے سن کر محفل میں ایک غمگین ماحول پھیل گیا۔

اگرچہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں اس اہم تقریب میں شریک نہیں ہو سکیں، ذرائع کے مطابق کئی مشہور شخصیات نے اس موقع کے بعد ہیما مالنی کے گھر جا کر ذاتی طور پر ان سے تعزیت کی۔ ان شخصیات میں گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا اور ان کے بیٹے یشوردھن آہوجا بھی شامل تھے، جنہیں ہیما مالنی کے گھر پر دیکھا گیا۔

اس کے علاوہ بونی کپور، مدھو شاہ ، مہیما شویدری اور ایشادیول کے سابق شوہر بھرت تختانی بھی دعائیہ اجلاس کے بعد ہیما مالینی کے گھر پہنچے اور ان کے ساتھ تعزیت کی۔ ان شخصیات کا کہنا تھا کہ وہ ہیما مالنی کے ساتھ ذاتی طور پر وقت گزارنا چاہتے تھے اور ان کا ساتھ دینا چاہتے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہیما مالنی اور ان کی بیٹیوں کی عدم شرکت کے حوالے سے تبصرے جاری ہیں۔ تاہم، ہیما مالنی نے اپنے شوہر دھرمیندر کی وفات کے بعد پہلی بار ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ دھرمیندر کے ساتھ گزرا اور اب وہ ہمیشہ کے لیے خالی ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا، ”دھرم جی کا فن، ان کی تواضع، اور ان کی عالمگیر مقبولیت نے انہیں ایک منفرد آئیکن بنا دیا۔ ان کی کامیابیاں اور ان کی فلم انڈسٹری میں مقام ہمیشہ زندہ رہے گا۔“

یاد رہے کہ دھرمیندر 24 نومبر 2025 کو 89 سال کی عمر میں مختصر بیماری کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ان کی آخری رسومات پیر کو ادا کی گئیں دھرمیندر کی فلموں اوران کی فلمی وراثت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ 8 دسمبر کو اپنی 90ویں سالگرہ منانے والے تھے۔

Read Comments