شائع 28 نومبر 2025 10:12am

کیا ملائکہ اروڑا نے نئی محبت پالی؟

بالی ووڈ کی ٹاپ ماڈل اداکارہ ملائکہ اروڑہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، لیکن اس بار اپنی خوبصورتی یا کسی فیشن ایونٹ کے لیے نہیں، بلکہ اس پراسرار شخصیت کی وجہ سے جو ان کے ساتھ بار بار نظر آ رہی ہے۔

پہلی بار یہ چہ میگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں، جب ملائکہ اروڑہ 29 اکتوبر 2025 کو ممبئی میں ایک کنسرٹ میں شریک ہوئیں۔ اس دوران انہیں اس شخص سے بار بار بات کرتے ہوئے اور بعد میں ایک ساتھ کنسرٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور اس پراسرار شخص کی کھوج شروع ہوگئی۔

آخرکار انہیں ہرش مہتا کے طور پر شناخت کرلیاگیا۔ بھارتی میڈیا اور کئی انسٹاگرام پوسٹس کے مطابق 33 سالہ ہرش مہتا ہیروں کے تاجر ہیں۔ میڈیا کی بڑھتی ہوئی توجہ کی وجہ سے وہ خود کو پبلک لائف سے دور رکھتے ہیں۔ جب کہ کئی مداحوں کا ماننا ہے کہ وہ کوئی کاروباری شخص نہیں، بلکہ ملائکہ اروڑہ کے منیجر ہیں۔

ملائکہ اروڑا کی پچاسویں سالگرہ، عمر کے حساب نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا

دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں اس وقت مزید زور پکڑ گئیں جب 26 نومبر 2025 کو ملائکہ اور ہرش کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ اگرچہ دونوں ایک دوسرے سے الگ الگ چل رہے تھے، لیکن پاپرازی نے ہرش کو ملائکہ کے بعد ایئرپورٹ ٹرمینل سے باہر نکلتے ہوئے پکڑ لیا۔

اس بار بھی ہرش نے احتیاط کرتے ہوئے اپنا چہرہ ماسک سے چھپایا اور چند لمحے بعد دونوں ایک ہی گاڑی میں سوار ہو گئے۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو گیا اور لوگوں نے مزید قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ خاص طور پر جب ملائکہ نے ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد کسی نئے شخص کے ساتھ وقت گزارنا شروع کیا۔

پیشہ ورانہ محاذ پر، ملائکہ اروڑہ ابھی بھی بے حد مصروف ہیں۔ وہ اس وقت ”انڈیاز گو ٹیلنٹ“ کے حالیہ سیزن کی جیوری کا حصہ ہیں، جہاں نوجوت سنگھ سدھو اور گلوکار شان بھی ججز ہیں۔

اس کے علاوہ، وہ ”پچ ٹو گیٹ رچ“ نامی ایک شو کی بھی جج ہیں، جو 20 اکتوبر 2025 کو جیوہاٹ اسٹار پر نشر ہوا۔ اس شو میں کرن جوہر، اکشے کمار، اور منیش ملہوترا جیسی معروف شخصیات ججز کے طور پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑہ اور ارجن کپور نے 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی، لیکن دونوں نے کبھی اپنے تعلقات پر کھل کر بات نہیں کی۔ بعد ازاں 2024 میں دیوالی کی ایک تقریب میں ارجن کپور نے تصدیق کی تھی کہ وہ سنگل ہیں۔

نہ چائے، نہ کافی: ملائکہ اروڑا نے اپنی ہائیڈریشن تھراپی کا راز بتادیا

سوشل میڈیا پر مداحوں نے مختلف رائے پیش کی ہیں۔ ایک طرف، کچھ لوگوں نے ہرش کو کیمروں سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا، تو دوسری طرف، کچھ مداحوں نے ملائکہ کے نئے تعلقات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان سب قیاس آرائیوں کے باوجود، دونوں کی طرف سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس سے ان کے تعلقات کی نوعیت مزید پراسرار بنی ہوئی ہے۔

Read Comments