یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنے میں مشکلات پیدا کر دیں
وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سلمان چوہدری نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کو بتایا کہ یو اے ای فی الحال صرف نیلے اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کو ویزے جاری کر رہا ہے۔ کمیٹی کی سربراہ سینیٹر سمینہ ممتاز زہری کے مطابق چند پاکستانیوں کے جرائم میں ملوث ہونے کے باعث ویزے جاری کرنے میں بہت مشکلات پیش آئیں۔
وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنے میں سختی اختیار کر رکھی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری سلمان چوہدری نے سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بتایا کہ سعودی عرب اور یو اے ای، پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کے قریب پہنچ چکے تھے لیکن آخری لمحے پر اس پر عمل نہیں ہوا۔
ایڈیشنل سیکرٹری سلمان چوہدری نے خبردار کیا کہ اگر یہ پابندی لگ جاتی تو اسے ہٹوانا بہت مشکل ہوتا۔
تاہم متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس سلسلے میں با ضابطہ کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال یو اے ای صرف نیلے پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کو ویزے جاری کر رہا ہے، جبکہ عام پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے جاری کرنا بہت محدود اور مشکل ہو گیا ہے۔
سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی سربراہ سینیٹر سمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ویزے کی پابندی کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ کچھ پاکستانی یو اے ای جا کر جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی شہریوں کو ویزے بڑی مشکل سے جاری کیے گئے ہیں، جس پر کمیٹی نے خدشات کا اظہار کیا۔