کیا آپ جعلی ملازمتوں کے لیے اپلائی کر رہے ہیں؟ ڈیٹا جمع کرنے والی فیک لسٹنگ کیسے پہچانیں
آج کل آن لائن روزگار کے پورٹل اور لنکڈ اِن پر ملازمت تلاش کرنے والے افراد ایک نئے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں جسے ماہرین ”گھوسٹ جابز“ کہتے ہیں۔ یہ وہ نوکریاں ہیں جو بظاہر جائز اور موجود لگتی ہیں، مگر حقیقت میں یا تو پہلے ہی بھری جا چکی ہوتی ہیں، یا کبھی اصل میں بھرتی کے لیے رکھی ہی نہیں گئیں۔ ان کا مقصد اکثر امیدواروں کی معلومات اکٹھا کرنا یا کمپنی کی مارکیٹ میں موجودگی ظاہر کرنا ہوتا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق، ایک حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ جون 2025 میں امریکا میں 30 فیصد نوکریوں کے اشتہارات ایسے تھے جن کا کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکلا۔ یعنی لاکھوں افراد نے اپنی مکمل تعلیمی اور پیشہ ورانہ معلومات، رابطے کی تفصیلات اور ذاتی معلومات فراہم کیں، مگر ان اشتہاروں کا کوئی بھی خاطر خواہ فائدہ حاصل نہ ہوسکا۔
2024 کی ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ کمپنیاں گھوسٹ جابز کے ذریعے ممکنہ امیدواروں کا ڈیٹا جمع کرتی ہیں، تنخواہوں کا جائزہ لیتی ہیں، یا مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی موجودگی کا تاثر دیتی ہیں۔ گرین ہاؤس کی رپورٹ کے مطابق آن لائن جابز کے تقریباً 22 فیصد اشتہارات جعلی ہو سکتے ہیں اور صرف ڈیٹا جمع کرنے یا برانڈ کی نمائش کے لیے فعال رکھے جاتے ہیں۔
لیکن لنکڈ اِن اور دیگر جاب بورڈز نے گھوسٹ جابز کے خلاف براہِ راست اقدامات نہیں کیے، سوائے اس کے کہ وہ صارفین کو بتاتے ہیں کہ کس طرح مشکوک اشتہارات سے بچا جا سکتا ہے۔ تاہم، وہ ایسے اشتہارات ضرور ہٹا دیتے ہیں جو ان کی پالیسیوں کے خلاف ہوں۔
ملازمت تلاش کرنے والے افراد کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ خود محتاط رہیں اور ہر نوکری کی تفصیل غور سے پرکھیں۔ اس مقصد کے لیے کچھ اہم سوالات اپنے ذہن میں رکھنا مددگار ثابت ہوتا ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا اشتہار واقعی جائز ہے یا صرف معلومات جمع کرنے کے لیے ہے۔
کیا دبئی میں ملازمت کرنے والے اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں؟
جھوٹے یا فیک اشتہارات سے بچنے کے لیے چند نشانیاں دیکھنا ضروری ہیں۔ سب سے پہلے، نوکری کے اشتہار کا موجود رہنے کا دورانیہ دیکھیں۔ اگر اشتہار 45 دن سے زیادہ چل رہا ہو، تو امکان ہے کہ یہ گھوسٹ جاب ہو۔ دوسرا، کمپنی کے تمام اشتہارات چیک کریں، اگر ایک ہی نوکری مختلف شہروں میں یا ایک جیسی تفصیل کے ساتھ بار بار موجود ہو، تو یہ بھی مشکوک ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ کہ اگر نوکری بہت زیادہ پرکشش لگتی ہے، زیادہ تنخواہ، کم کام کے گھنٹے، آسان شرائط وغیرہ تو اس پر احتیاط کریں۔ نوکری کی تفصیل میں ٹیم یا مینجمنٹ کے بارے میں معلومات نہ ہونا یا بہت عام اور مبہم جملے استعمال ہونا بھی ایک اشارہ ہے کہ یہ اشتہار محض ڈیٹا جمع کرنے کے لیے ہے۔
آخر میں، اگر درخواست کے دوران ابتدائی مرحلے میں ہی آپ سے مکمل ذاتی معلومات، تاریخ پیدائش، جنس، تنخواہ کی توقعات اور شخصیت کے ٹیسٹ طلب کیے جائیں، تو یہ واضح نشانی ہے کہ کمپنی اصل میں بھرتی نہیں کر رہی۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ امیدوار ہمیشہ کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر اشتہار کی تصدیق کریں، اگر ممکن ہو تو فون کے ذریعے بھی رابطہ کریں، اور اعتماد کے قابل نیٹ ورک بنائیں تاکہ ملازمت کی معلومات اور مواقع براہِ راست شیئر کیے جا سکیں۔ گھوسٹ جابز سے بچنے کے لیے ہوشیاری، تحقیق اور احتیاط ہی سب سے مؤثر طریقہ ہے۔