اپ ڈیٹ 25 نومبر 2025 09:32pm

سہ ملکی ٹی 20 سیریز: زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست، سری لنکا کی فائنل میں رسائی ممکن

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے، جس کے بعد ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکن کی ٹیم کی رسائی ممکن ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے اہم میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم نے 147 رنز کا ہدف 17 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

زمبابوے کی بیٹنگ

زمبابوے کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا، ابتدا ہی میں دھچکا لگا جب اس کے اوپنر تادیواناشے مارومانی صرف 4 رنز بناکر جبکہ کچھ دیر بعد ہی ڈائن مائرز 6 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کو مہیش نے بولڈ کیا۔

زمبابوے کا اسکور 5 اوورز میں جب محض 38 رنز تھا تو اس کے 3 کھلاڑی پویلین واپس جاچکے تھے تاہم بعد میں زمبابوے نے قدرے سنبھل کر کھیلا، سکندر رضا اور ریان برل 37، 37 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

اس کے علاوہ برائن بیننٹ نے 26 گیندوں پر 34 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ برینڈن ٹیلر صرف 14 رنز ہی بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانہ اور وانندو ہاسارنگا نے 2،2 اور کپتان داسن شناکا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 147 رنز کا ہدف سری لنکا نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی طرف سے پاتھم نسانکا نے برق رفتار 58 گیندوں پر 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹائیگرز کے لیے جیت کو آسان بنایا، ٹاپ آرڈر بیٹر نے اپنی خوبصورت اننگز کے دوران 11 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے۔

کوشل مینڈس نے بھی دائیں ہاتھ کے بیٹر کا ساتھ دیا اور 25 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے، کامل میشارا 12 رنز بنا کر بریڈ ایونز کا شکار بنے۔ زمبابوے کی جانب سے واحد وکٹ بریڈ ایونز نے حاصل کی۔

سری لنکا کے پاتھم نسانکا 98 رنز کی ناقابل شکست فاتحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

اس طرح سری لنکا نے یہ میچ 9 وکٹوں سے جیت کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی اور اسی کے ساتھ سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کا چھٹا میچ 27 نومبر کوپاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کو فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے آخری لیگ میچ میں پاکستان کو ہرانا ہوگا، جیت کی صورت میں سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا مگر ہار کی صورت میں سری لنکا اور زمبابوے کی قسمت کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔

میچ کا ٹاس

راولپنڈی میں جاری سہ ملکی کرکٹ سیریز کا پانچواں میچ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سری لنکا کو ایونٹ میں آگے بڑھنے کے لیے آج کا میچ جیتا بہت ضروری ہے، اِس وقت وہ کوئی بھی پوائنٹ نہیں حاصل کرسکی۔

زمبابوے کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ زیادہ رنز بنیں گے، اِسی لیے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ ہدف دیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، کامِل مشارا، کوشل پریرا، جانتھ لیانیگے، داسن شاناکا (کپتان)، پوان رتھنا ایکے، وانندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا، ماہیش تھیکشنا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔

زمبابوے کا اسکواڈ

زمبابوے کی ٹیم میں  برائن بینیٹ، تادیواناشے مارومانی، برینڈن ٹیلر (وکٹ کیپر)، رائن برل، سکندر رضا (کپتان)، ڈیون مائرز، تشنگا موسی کیوا، بریڈ ایونز، تینوتینڈا میپوسا، رچرڈ نگاروا اور ویلنگٹن ماساکادزا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے سیریز میں 2 میچز کھیلے ہیں اور دونوں میں شکست ہوئی جب کہ زمبابوے نے 3 میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی اور 2 میں اِسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل پاکستان نے زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے کر سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

Read Comments