پاکستان ہمیشہ اعلانیہ حملہ کرتا ہے، شہریوں کو نشانہ نہیں بناتا: ترجمان پاک فوج
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان جب حملہ کرتا ہے تو اعلانیہ کرتا ہے، ہم افغان عوام کے نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ تحریک طالبان افغانستان اور ٹی ٹی پی میں کوئی فرق نہیں۔ ہم حق پر ہیں اور حق غالب آئے گا۔
افغان طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر جاری بیانات میں پاکستان پر الزام عائد کیا کہ پاکستانی افواج نے گزشتہ شب افغانستان کے تین صوبوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں پکتیکا، خوست اور کنڑ شامل ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے تقریباً 12 بجے صوبہ خوست کے ضلع گربزو میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 ہلاکتیں ہوئیں۔
اس تناظر میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبھی سویلین پر حملہ نہیں کرتا، ہم افغان عوام کے نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ ہماری نظر میں کوئی گڈ اور بیڈ طالبان نہیں، دہشت گردوں میں کوئی تفریق نہیں ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان جب حملہ کرتا ہے تو اعلانیہ کرتا ہے، طالبان حکومت ریاست کی طرح فیصلہ کرے، نان اسٹیٹ ایکٹر کی طرح فیصلہ نہ کرے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے، دہشت گردی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال ہوئیں۔
’پاکستان نے افغانستان پر فضائی حملے کیے ہیں‘، افغان طالبان حکومت کا الزام
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم ریاست ہیں ، ریاست کے طور ہی ردعمل دیتے ہیں، بلڈ اور بزنس ایک ساتھ نہیں چل سکتے، یہ نہیں ہو سکتاکہ حملے بھی ہوں اور ہم تجارت بھی کریں۔ ہم افغان عوام کے نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہیں، ہم حق پر ہیں اور حق غالب آئے گا۔
ترجمان پاک فوج نے یہ بھی کہا کہ ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلارہی ہے، سیاسی جماعت اور دیگر عناصر کے سوشل میڈیااکاؤنٹس بیرون ممالک سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ 4 نومبر سے اب تک 4910 انسداد دہشت گردی آپریشن ہوئے ہیں، ہر روز 232 آپریشن ہوئے، 336 دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ جنرل فیض حمید کا ٹرائل قانونی معاملہ ہے، اس پر قیاس آرائی نہ کی جائے۔ جب یہ معاملہ حتمی نتیجے پر پہنچے گا فوری طور پر اعلان کر دیا جائے گا۔