’پاکستان نے افغانستان پر فضائی حملے کیے ہیں‘، افغان طالبان حکومت کا الزام
افغان طالبان حکومت نے پاکستان پر فضائی حدود کی خلاف ورزی اور افغانستان کے تین صوبوں میں فضائی حملوں کا الزام عائد کیا ہے۔
افغان طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر جاری بیانات میں الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی افواج نے گزشتہ شب افغانستان کے تین صوبوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں پکتیکا، خوست اور کنڑ شامل ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے تقریباً 12 بجے صوبہ خوست کے ضلع گربزو میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 ہلاکتیں ہوئیں۔
افغان طالبان کے ترجمان کے مطابق افغان صوبوں، کنڑ اور پکتیکا میں بھی فضائی حملوں میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان جب حملہ کرتا ہے تو اعلانیہ کرتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جب حملہ کرتا ہے تو اعلانیہ کرتا ہے اور سویلینز پر حملے نہیں کرتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہم افغان عوام کے نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری نظر میں کوئی گڈ اور بیڈ طالبان نہیں، دہشتگردوں میں کوئی تفریق نہیں کی جاسکتی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ اور استنبول میں مذاکرات ہوئے تھے جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکے تھے۔