شائع 25 نومبر 2025 09:46am

اوباما فاؤنڈیشن نے لیڈرشپ پروگرام کی درخواستیں طلب کر لیں

براک اوباما، امریکا کے سابق صدر اور ایک وژنری رہنما ہیں جنہوں نے قیادت اور سماجی تبدیلی کے لیے ایک مضبوط مشن کے تحت کام کیا ہے۔ اپنی صدارت کے بعد، انہوں نے اور ان کی بیوی مشیل اوباما نے ”اوباما فاؤنڈیشن“ قائم کی۔ یہ عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے قائدین کی تربیت اور قیادت کی مہارتیں سکھانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والا ادارہ ہے۔ ان کا وژن قیادت کی نئی نسل کو بااختیار بنانا اور انہیں اپنے معاشروں میں مثبت اور پائیدار تبدیلی لانے کے لیے تیار کرنا ہے۔

اوباما فاؤنڈیشن نے اپنے معروف ”لیڈرز پروگرام“ کے لیے نئی درخواستیں طلب کر لی ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر سے 24 سے 45 سال کے درمیان ابھرتے ہوئے رہنماؤں کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے جہاں وہ اقدار پر مبنی قیادت، کمیونٹی اثر انگیزی اور عالمی نیٹ ورکنگ کے ذریعے مثبت تبدیلی لا سکیں۔ فاؤنڈیشن کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔


یہ پروگرام دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے قائدین کو دعوت دیتا ہے جو اپنے علاقوں میں سماجی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔ پروگرام میں شامل افراد کو قیادت کی اقدار، کمیونٹی پر اثر ڈالنے، اور ایک عالمی نیٹ ورک کے ذریعے آپس میں جڑنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے معاشروں میں پائیدار ترقی کرسکیں۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں سابق امریکی صدر باراک اوباما کو پروگرام کے شرکاء کے ساتھ ایک ہینڈز آن ورکشاپ میں شرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ورکشاپ میں مختلف ممالک اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوان رہنما عملی منصوبوں پر مل کر کام کرتے نظر آتے ہیں، جو پروگرام کے جامع، باہمی تعاون پر مبنی اور عملی طریقۂ کار کی عکاسی کرتا ہے۔

اوباما فاؤنڈیشن کا ”لیڈرز پروگرام“ ایک اہم قدم ہے جو 2018 میں افریقہ سے شروع ہوا اور تیزی سے وسعت اختیار کرتا چلا گیا۔ اب ایشیاء پیسیفک، یورپ اور امریکہ تک فعال ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق اب تک 1,500 سے زائد سابق شرکاء عالمی نیٹ ورک کا حصہ بن چکے ہیں جو اپنی کمیونیٹیز میں کوچنگ، تربیت اور سیکھی گئ مہارتوں کو استعمال کرتے ہوئے پائیدار سماجی تبدیلیوں پر کام کر رہے ہیں۔

فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام نہ صرف انفرادی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے بلکہ شرکاء کو اپنے معاشروں میں موجود ساختی مسائل کے حل کی جانب مؤثر اور دیرپا اقدامات کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔

امریکی ووٹرز نے بائیڈن کے بجائے مشیل اوباما کو صدارتی امیدوار بنانے کا مطالبہ کردیا

اگر آپ 24 سے 45 سال کے درمیان ہیں اور اپنے کمیونٹی میں مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو آپ 12 دسمبر 2025 تک اس پروگرام میں درخواست دے سکتے ہیں۔ پروگرام مکمل طور پر ورچوئل ہے اور اس میں شامل افراد کو اپنے علاقے کے مسائل کے حل میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ ایک مؤثر عالمی نیٹ ورک کا حصہ بننے کا موقع ملتا ہے۔ اس طرح اوباما فاؤنڈیشن عالمی سطح پر قیادت کے نئے معیار قائم کر رہی ہے، جو سماجی انصاف، شمولیت، اور ترقی کی راہوں کو ہموار کرتی ہے۔

Read Comments