شائع 25 نومبر 2025 09:22am

پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کا مقدمہ تھانہ (کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ) سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقامی ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے ملکی سالمیت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔

متن کے مطابق تین دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا، ایک حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔

متن میں کہا گیا کہ دو حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے اور جائے وقوعہ سے 27سے زائدخول برآمد ہوئے۔


واضح رہے کہ
پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹر پر پیر کی صبح 8 بج کر 10 منٹ پر خوفناک دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا جس میں تین ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے ایک دھڑے جماعت الاحرار نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

Read Comments