اپ ڈیٹ 24 نومبر 2025 08:56pm

چتا جلانے سے قبل خاتون تابوت سے زندہ نکل آئی

تھائی لینڈ میں 65 سالہ مردہ خاتون نے اپنا تابوت کھٹکھٹا دیا، خاتون کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد تابوت میں ڈالا گیا، خاتون کی چتا جلانے سے چند منٹ قبل تابوت سے آوازیں آئیں، تابوت کھولا گیا تو 65 سالہ نانی زندہ نکلیں۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک بدھ مت مندر میں اس وقت حیرت کی کیفیت پیدا ہوگئی جب تدفین کے لیے لائی گئی خاتون تابوت کے اندر حرکت کرنے لگی۔ مندر کا عملہ خاتون کی سانس اور ہلکی حرکات دیکھ کر فوری طور پر تابوت کھولنے پر مجبور ہوگیا۔

واقعہ تھائی لینڈ کے صوبے نونتھابوری میں واقع بدھ مت مندر ”واٹ رت پراکھونگ تھم“ میں پیش آیا، جہاں ایک 65 سالہ خاتون کو سفید تابوت میں رکھ کر شمشان گھاٹ لایا گیا تھا۔

مندر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ہلکی حرکت کر رہی ہے، جس سے عملہ پریشانی میں مبتلا ہوگیا۔

مندر کے جنرل اور مالیاتی امور کے مینیجر پیراٹ سودتھوپ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ خاتون کا بھائی اسے صوبہ پھتسنولوک سے چتا جلانے کے لیے لے کر آیا تھا۔ ان کے مطابق مندر کے عملے نے تابوت کے اندر سے ہلکی دستک سنی۔

پیراٹ نے بتایا کہ ”میں چونک گیا اور انہیں تابوت کھولنے کا کہا، جیسے ہی کھولا گیا تو سب حیران رہ گئے۔ میں نے دیکھا کہ وہ اپنی آنکھیں ہلکی سی کھول رہی تھی اور تابوت کے کنارے پر دستک دے رہی تھی۔“

خاتون کے بھائی کے مطابق وہ دو سال سے بستر پر تھیں اور صحت بگڑنے کے بعد دو روز پہلے بے ہوش ہو گئیں، جس پر انہیں مردہ تصور کر لیا گیا۔

بھائی نے انہیں تابوت میں رکھ کر تقریباً 500 کلو میٹر کا سفر طے کیا تاکہ انہیں بینکاک کے اسپتال لے جایا جا سکے کیوں کہ خاتون نے اپنی وفات کے بعد اعضاء عطیہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

تاہم اسپتال نے بغیر سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ اعضاء قبول کرنے سے انکار کردیا۔ پیراٹ نے بتایا کہ اُن کے مندر میں مفت تدفین کی سہولت میسر ہے، اسی لیے بھائی خاتون کو وہاں لایا مگر سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر انہیں پہلے طریقۂ کار سمجھایا جا رہا تھا کہ اسی دوران تابوت سے دستک سنائی دی۔

بعد ازاں مندر کے عملے نے خاتون کی حالت کا جائزہ لیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ پیراٹ کے مطابق، مندر کے ابّٹ نے خاتون کے طبی اخراجات ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

Read Comments