فوج کے آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر کی وزیراعظم سے الوداعی ملاقات
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پیر کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، خدمات اور ملک و قوم کے لیے ان کی طویل محنت کو سراہا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر 2025ء کو اپنی مقررہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔ وہ پاکستان کی مسلح افواج کے 18ویں اور آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ثابت ہوں گے، کیونکہ آئین میں ہونے والی 27ویں ترمیم کے بعد اس عہدے کو ختم کر دیا گیا ہے اور آئندہ کسی نئے چیئرمین کی تقرری نہیں کی جائے گی۔
جنرل شمشاد مرزا نے اس اہم عہدے پر اپنے تین سال مکمل کیے، جبکہ اس عہدے پر سب سے طویل مدت مرحوم جنرل اقبال خان نے گزاری، جنہوں نے تین سال اور 344 دن تک ذمہ داریاں نبھائیں۔
پاکستان کے پہلے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل محمد شریف تھے جنہیں اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 1 مارچ 1976ء کو مقرر کیا تھا۔
ایڈمرل محمد شریف اور ایڈمرل افتخار احمد سروہی نیوی سے تھے جبکہ پاکستان ایئر فورس سے صرف ایئر چیف مارشل فاروق فیروز خان نے بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی خدمات انجام دیں۔
27ویں آئینی ترمیم کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہونے کے بعد فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نیا عہدہ ’’چیف آف ڈیفنس فورسز‘‘ سنبھالیں گے۔ یہ عہدہ ملک کی عسکری قیادت کے لیے ایک نیا اور اہم باب تصور کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ملاقات میں کہا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دور میں بہترین وژن، قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔