’بائیکاٹ کرنے والوں کا تیا پانچہ‘: ن لیگ کا ضمنی الیکشن میں جیت پر ردعمل
ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ووٹرز نے بائیکاٹ کرنے والوں کا ’تیا پانچہ‘ کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے ضمنی الیکشن میں پنجاب کی تاریخ کا کم ترین ٹرن آؤٹ رہا، عوام نے الیکشن پرعدم اعتماد ظاہر کردیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ووٹرز نے بائیکاٹ کرنے والوں کا تیا پانچہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پنجاب کے ووٹرز کے ساتھ سوتیلا اور دہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو ایکشن لیا ہے، اس کا جواب وہ آئین کے مطابق دیں گے۔
ضمنی الیکشن پُرامن رہا، دنیا بھر میں انتخابات میں خلاف ورزیاں ہوتی ہیں: سکندر سلطان راجہ
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ضمنی الیکشن کے ٹرن آؤٹ کو پنجاب کی تاریخ کا کم ترین ٹرن آؤٹ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ عوام نے الیکشن پر عدم اعتماد ظاہر کردیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کا صاف شفاف انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ ہری پور میں لیول پلیئنگ فیلڈ موجود تھا، وہاں تمام پارٹیوں نے جلسے کیے، جلوس نکالے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا کیونکہ وہاں ہمیں جلسے، جلوس اور انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے این اے 18 ہری پور کے غیر حتمی نتائج کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ’جو نتائج دکھائے جارہے ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں‘۔
ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کی چھوڑی ہوئی تمام نشستوں پر ن لیگ کامیاب
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں عوام کا ووٹ ڈالنے کے لیے نکلنا حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا، پنجاب حکومت بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریتی حلقوں میں تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیا، سیاست میں بائیکاٹ نہیں ہوتا اور الیکشن کے بائیکاٹ کا ہمیشہ سیاسی نقصان ہوتا ہے۔
اُدھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت کسی بھی شہر میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح نہیں کیا جہاں ضمنی انتخابات جاری تھے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چھپانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں، وہ اپنے لیڈر کی طرح جھوٹ بولتے ہیں اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینا ان کی پہچان بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی خود شہر ناز کی انتخابی مہم چلانے ہری پور گئے جبکہ مریم نواز نے کسی لیگی امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت نہیں کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں اپنے نام کرلیں۔
پیپلز پارٹی نے ایک صوبائی اسمبلی کی نشست حاصل کی جبکہ تحریک انصاف اپنی خالی کی گئی نشستیں واپس حاصل نہ کرسکی۔