شائع 24 نومبر 2025 12:20am

سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ہرا کر پاکستان رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا

ایشیا کپ رائزنگ اسٹار ٹی 20 کپ کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشین ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ جب کہ میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

دوحہ میں کھیلے جارہے ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے فائنل میں بنگلہ دیش اے کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی جب کہ 126 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی اے ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی اور میچ برابر ہوگیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پاکستان شاہینز نے اننگز کا آغاز ہی مایوس کن کیا اور پہلی گیند پر یاسر خان غیر ضروری رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔

2 رنز پر محمد فائق کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان ٹیم سنبھل نہ سکی اور شاہینوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور بیٹرز پویلین واپس لوٹتے رہے، جس کے باعث ٹیم مقررہ 20 اوورز میں کم اسکور تک محدود رہی۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے سعد مسعود 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ عرفات منہاس 25 رنز اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش اے کی بولنگ میں ریپون منڈول نے 3 اور راکبول حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایس ایم مہروب، عبدالغفار سقلین اور جیشن عالم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 126 رنز کا آسان ہدف دے دیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

پاکستان کے 126 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدائی شراکت نے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پاکستان شاہینز کے اٹیک نے میچ پر تیزی سے گرفت مضبوط کر لی۔

عرفات منہاس، سعد مسعود، سفیان مقیم اور معاذ صداقت نے اہم لمحات پر وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیش کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

بنگلہ دیش کے آخری اوورز میں عبدالغفار ثقلین اور رپون منڈل نے 3 چھکے لگا کر مقابلہ سنسنی خیز بنا دیا مگر جیت کی کوشش آخری گیند پر ناکام رہی۔

بنگلہ دیشی اوپنر بیٹر حبیب الرحمان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ ایس ایم محروب نے 19 اور رقیب الحسن نے 24 رنز بنائے۔

اس طرح بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بناسکی اور میچ ٹائی ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر صفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2،2 شکار کیے جب کہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

سپر اوور

میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا، سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 6 رنز بنائے اور پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 7 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور معاذ صداقت نے سپر اوور کھیلا اور پاکستان نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر چوتھی بال پر باآسانی ہدف حاصل کرکے ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پشاور کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی معاذ صداقت ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، انہوں نے ایونٹ میں 258 رنز بنائے اور 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ فائنل میں پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کمال مہارت سے ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی، ٹیم کے کوچز اور بورڈ حکام بھی اس فتح پر لائق تحسین ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

میچ کا ٹاس

دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے فائنل میں بنگلہ دیش کے کپتان اکبر علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

پاکستان اے کی ٹیم


پاکستان اے کی ٹیم میں معاذ صداقت، یاسر خان، محمد فائق، عرفان خان (کپتان)، غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، عرفات منہاس، شاہد عزیز، احمد دانیال، عبید شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

بنگلہ دیش اے


بنگلہ دیش اے کی ٹیم میں جیشان عالم، حبیب الرحمان، یاسر علی، اکبر علی (کپتان و وکٹ کیپر)، رکیب الحسن، ماہد الاسلام، مہراب حسین، محفیظ الرحمان، مرتضیٰ چوہدری، ریپون منڈل اور عبدالغفار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں بھارت جب کہ پاکستان نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

Read Comments