تیجس حادثہ: غلطی بھارتی پائلٹ کی تھی؟ دبئی میں تحقیقات شروع
دبئی ایئرشو کے دوران بھارتی تِیجس جنگی طیارے کے ہولناک حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کے بعد اماراتی حکام نے جامع تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ابتدائی توجہ اس امر پر مرکوز ہے کہ آیا پائلٹ کرتب دکھاتے ہوئے لازمی تین سو فٹ کی نچلی حد سے نیچے تو نہیں آگیا تھا، اور کیا اُس نے تمام منظور شدہ فلائنگ پروٹوکولز پر مکمل طور پر عمل کیا تھا۔
تحقیقات میں متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی، اماراتی مسلح افواج کا ایوی ایشن ڈویژن اور دبئی ایئرشو کی فِلائنگ کنٹرول کمیٹی (ایف سی سی) مشترکہ طور پر شامل ہیں۔ یہ ادارے حادثے سے قبل کی صورتحال سمجھنے کے لیے تکنیکی معلومات، پرواز کے ریکارڈ اور منظوری سے متعلق تمام دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، تفتیش کار ریڈار ڈیٹا، فلائٹ پاتھ ریکارڈنگز اور انتہائی واضح ویڈیو فوٹیج کی مدد سے اُس لمحہ بہ لمحہ ترتیب کو تشکیل دے رہے ہیں جس کے دوران طیارہ نیچے اُترا اور گر کر تباہ ہوا۔ اس کے ساتھ ہی فلائنگ کنٹرول کمیٹی یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ آیا طیارے نے کوئی ایسا کرتب تو نہیں آزمایا جو ایئرشو کے لیے پہلے سے منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں تھا۔
دبئی ایئر شو تیجس کریش: بھارت کا فائٹر ایکسپورٹ خواب دم توڑ گیا
دوسری جانب ایک علیحدہ تکنیکی تحقیق بھی جاری ہے جس میں طیارے کے ممکنہ فنی عیب، طاقت میں اچانک کمی، یا کنٹرول سسٹم کی خرابی جیسے عوامل کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ یہ جانچا جاسکے کہ کہیں کوئی میکینکل مسئلہ تو حادثے کا سبب نہیں بنا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے قبل کاک پٹ ڈیٹا، مینٹیننس لاگز اور مکمل ڈسپلے اپروول ریکارڈ سمیت ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی تحقیقات بعض اوقات کئی ہفتے بلکہ بعض صورتوں میں مہینوں پر محیط ہوتی ہیں۔
حادثے نے ایئرشو کے حفاظتی ضوابط پر نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ تمام پائلٹس لازمی بلندی اور منظور شدہ حرکات کی پابندی کے ذمہ دار ہوتے ہیں، تاہم یہ تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگی کہ آیا اس واقعے میں ان اصولوں پر پوری طرح عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔
تاہم خلیج ٹائمز کے مطابق لندن میں مقیم ایوی ایشن تجزیہ کار ساجد احمد کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ زمین کے کافی قریب ایک خطرناک اسٹنٹ کر رہا تھا۔ احمد نے کہا، “ممکنات میں سے ہے کہ طیارہ جو اسٹنٹ کر رہا تھا وہ زمین کے بہت قریب تھا، اور پائلٹ کے مکمل کرنے اور زمین سے ٹکرانے کے درمیان مناسب فاصلہ موجود نہیں تھا، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا اور پائلٹ کی جان گئی۔”
بھارتی جنگی جہاز ’تیجس‘ دبئی ایئر شو میں گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہ واقعہ کیمروں میں واضح طور پر ریکارڈ ہو گیا ہے، اس لیے ابتدائی تحقیقات کے لیے ضروری شواہد دستیاب ہیں۔ احمد نے پیش گوئی کی کہ اس حادثے کی عوامی نوعیت کی وجہ سے مستقبل میں ایئرشو میں خطرناک اور تیز حرکات کرنے پر پابندی کے مطالبات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
دنیا بھر میں ایئرشو کے دوران خطرناک واقعات پیش آ چکے ہیں، مگر دبئی ایئرشو میں یہ پہلا سنگین حادثہ ہے۔
ایئر شو کے حکام تکنیکی شواہد، فلائٹ ڈیٹا اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر یہ سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آخر غلطی کہاں ہوئی، کیونکہ بین الاقوامی ایئرشوز میں فضائی حفاظت ہمیشہ اولین ترجیح ہوتی ہے۔