بیوی افسر، ترقی میں چند دن: حادثے کے شکار ’تیجس‘ کے پائلٹ ونگ کمانڈر نمنش سیال کون تھے؟
دبئی ایئر شو میں جمعے کو بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تیجس سب سے آسان ’نیگیٹیو جی مینوور‘ نامی فضائی کرتب دکھانے کی کوشش میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 34 سالہ ونگ کمانڈر نمنش سیال جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا جب طیارہ نیچے آتے ہوئے اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکا اور زمین سے ٹکرا گیا۔ حیران کن طور پر پائلٹ ایجیکشن میں ناکام رہا۔
نمنش سیال کا تعلق بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے گاؤں پٹیالکر سے تھا۔ وہ شادی شدہ تھے، ان کی اہلیہ بھی بھارتی فضائیہ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اُن کی ایک چھ سالہ بیٹی ہے جبکہ والدین بھی حیات ہیں۔
سیال کی ابتدائی تعلیم سینک اسکول سوجان پور ٹیرا میں ہوئی۔ ان کے والد جگرناتھ سیال بھارتی فوج کے میڈیکل کور میں خدمات انجام دے چکے تھے اور بعدازاں محکمہ تعلیم میں پرنسپل کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
بھارتی طیارہ ’تیجس‘ تباہ کیوں ہوا؟ وجہ سامنے آگئی
اہل خانہ کے مطابق نمنش حال ہی میں اسکواڈرن لیڈر بنے تھے اور جلد انہیں مزید ترقی ملنے والی تھی۔
ایک قریبی رشتہ دار رمیش کمار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ نمنش کی موت پٌر پورا گاؤں غم میں ڈوبا ہوا ہے، کیونکہ وہ نہایت ملنسار اور باصلاحیت افسر تھے۔ ان کے والدین اس وقت تامل ناڈو کے سُلور ایئربیس میں موجود ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ کورس کے سلسلے میں کولکتہ میں تھیں۔
حادثے کی ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ تیجس طیارہ نیگٹیو جی منیوور کے بعد انتہائی کم اونچائی پر آگیا اور اوپر اٹھنے میں ناکام رہا۔ طیارے کی عمودی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ وہ دوبارہ متوازن نہ ہو سکا۔
حادثے وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، جبکہ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی ہے۔
دبئی ایئر شو میں تباہ ہونے والا طیارہ دو سال میں تباہ ہونے والا دوسرا تیجس ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسلمیر میں ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، البتہ اُس حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔ 2001 میں اپنی پہلی آزمائشی پرواز کے بعد تیجس کی 23 سالہ تاریخ میں یہ دوسرا حادثہ ہے۔
’تیجس کی تباہی نے سسٹم کو ہلا دیا‘: سابق بھارتی فضائیہ افسران کو تشویش
دبئی ایئر شو میں حادثے سے قبل نمّنش سیال کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی جس میں وہ بھارت کے وزیرِ مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، یو اے ای میں بھارتی سفیر دیپک متل اور وزارتِ خارجہ کے افسر اسیم آر مہاجن کے ساتھ پُراعتماد انداز میں نظر آ رہے تھے۔
بھارتی فضائیہ نے پائلٹ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔