اپ ڈیٹ 22 نومبر 2025 04:31pm

ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ کا دو روز میں فیصلہ، آسٹریلیا کی انگلینڈ کو شکست

میزبان آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ اپنے نام کرلیا۔ فاسٹ ٹریک سے بالرز نے خوب فائدہ اٹھایا اور بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہ دیا جس کے بعد میچ کا نتیجہ دوسرے دن ہی سامنے آگیا ہے۔

آسٹریلوی شہر پرتھ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ آسٹریلیا نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔

سیریز کا پہلا میچ ہی اتنا سنسنی خیز رہا کہ دوسرے روز ہی میچ کا فیصلہ ہوگیا۔ میزبان آسٹریلیا نے 205 رنز کا ہدف 29 اوورز میں حاصل کرلیا اور سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلوی بالرز کی دونوں اننگز میں شاندار کارکردگی کے بعد اوپنر ٹریوس ہیڈ نے ایشز کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار کیا۔


میچ کی پہلی اننگز

پرتھ کی فاسٹ ٹریک پِچ نے میچ کو شروع ہی سے بولرز کے لیے سازگار بنائے رکھا۔ گزشتہ روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم صرف 32.5 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ہیری بروک نے 52 اور جو روٹ نے 46 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی، مگر آسٹریلوی بالرز نے بیٹرز کو زیادہ دیر ٹھہرنے نہ دیا۔


میزبان آسٹریلیا کو بھی پہلی اننگز میں مشکلات کا بھورپور سامنا رہا۔ انگلش بالرز نے کینگروز بے بازوں کو پریشان کیے رکھا، اس طرح میزبان ٹیم صرف 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کپتان بین اسٹوکس نے 23 رنز کے بدلے 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ برائیڈن کارس نے 3 اور جوفرا آرچر نے 2 وکٹیں لیں جبکہ الیکس کیری 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

پرتھ ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے 123 رنز اور 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر ختم ہوا۔ میچ کے دوسرے روز کے آغاز پر ہی نیتھن لائن بھی آؤٹ ہوگئے اور انگلینڈ کی جانب سے 172 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔


میچ کی دوسری اننگز

انگلش ٹیم نے میچ کے دوسرے روز دوسری اننگز میں 40 رنز کی برتری کو آگے بڑھاتے ہوئے 204 تک پہنچایا۔ اننگز کے آغاز میں ہی صفر رن پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد بین ڈکٹ اور اولی پوپ نے اسکور 65 رنز تک پہنچایا۔

65 رنز پر بین ڈکٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم کی وکٹیں ڈرامائی انداز میں گرتی رہیں، اور یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 164 پر ڈھیر ہوگئی۔


آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ نے 4، مچل اسٹارک نے 3 اور ڈیبیو کرنے والے برینڈن ڈوگٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

گس اٹکنسن 37 اور اولی پوپ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بین ڈکٹ 28، جیمی اسمتھ 15 رنز بناسکے۔ اوپنر زیک کرالی اور ہیری بروک صفر پر آؤٹ ہوئے۔

205 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے نہایت برق رفتاری سے حاصل کیا۔ ڈیبیو کرنے والے جیک ویدریلڈ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مگر دوسری جانب ٹریوس ہیڈ نے انگلش باؤلرز کے خلاف جارحانہ رویہ اپنائے رکھا۔


ٹریوس ہیڈ نے 69 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 123 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں میں 14 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

یہ ایشز تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ مارنس لبوشین نے 63 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز بنا کر دوسرا اینڈ سنبھالا، جبکہ میچ کا فاتحانہ اختتام کپتان اسٹیو اسمتھ کے چوکے سے ہوا۔

اس طرح کینگروز نے 205 رنز کا یہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 28.2 اوورز میں ہی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 6 تا 10 دسمبر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

Read Comments