شائع 22 نومبر 2025 09:18am

امریکا کی وینزویلا کے اوپر پرواز کرنے والی تمام ایئرلائنز کو وارننگ

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جمعہ کو تمام بڑی امریکی ایئرلائنز کو سخت وارننگ جاری کی ہے کہ وینزویلا کی فضائی حدود میں پروازیں ”ممکنہ طور پر خطرناک“ ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایف اے اے نے ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ اس فضائی خطے میں داخل ہوتے وقت انتہائی احتیاط برتی جائے۔

ایف اے اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا میں سیکیورٹی صورتِ حال تیزی سے خراب ہو رہی ہے جبکہ ملک کے اندر اور ارد گرد فوجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ہر طیارے کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔

گزشتہ چند ماہ میں خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ امریکی بحریہ نے اپنا سب سے بڑا ایئرکرافٹ کیریئر، کم از کم آٹھ جنگی جہاز، اور ایف-35 طیارے تعینات کر رکھے ہیں۔ امریکی حکومت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے تحت مبینہ منشیات لے جانے والی کشتیوں کو بمباری کا نشانہ بھی بنا چکی ہے جو وینزویلا اور دیگر لاطینی امریکی ممالک کے ساحلوں سے روانہ ہوتی تھیں۔

اگرچہ امریکا نے 2019 سے وینزویلا کیلئے براہ راست مسافر یا کارگو پروازیں بند کر رکھی ہیں، لیکن کچھ امریکی ایئرلائنز جنوبی امریکا کے راستے پروازوں کے دوران وینزویلا کے اوپر سے گزرتی رہی ہیں۔

امریکن ایئرلائنز نے جمعے کو تصدیق کی کہ وہ اکتوبر ہی میں وینزویلا کے اوپر سے پرواز کرنا بند کر چکی ہے۔ ڈیلٹا ایئرلائنز نے بھی کہا کہ انہوں نے کافی عرصہ پہلے ہی یہ راستہ ترک کر دیا تھا۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز نے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

نیا امریکی حکم براہِ راست پروازوں پر پابندی عائد نہیں کرتا، تاہم ایئرلائنز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پلان شدہ پرواز سے کم از کم 72 گھنٹے قبل ایف اے اے کو اطلاع دیں۔

ایف اے اے کا کہنا ہے کہ ستمبر سے وینزویلا میں سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم میں مداخلت کے واقعات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث کچھ پروازوں میں مسلسل تکنیکی خلل دیکھنے میں آیا۔ اس کے ساتھ ساتھ وینزویلا کی فوجی مشقیں، فوج کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی تیاریوں میں اضافہ بھی تشویش کا باعث ہے۔

امریکی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا کے پاس جدید لڑاکا طیارے اور ایسے ہتھیار موجود ہیں جو عام مسافر طیاروں کی بلندی تک پہنچ سکتے ہیں یا اس سے زیادہ حد تک موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ نچلی پروازوں کو ایئر ڈیفنس سسٹمز اور اینٹی ایئرکرافٹ توپوں سے بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

تاہم ایف اے اے نے یہ بھی واضح کیا کہ وینزویلا نے کبھی بھی سول ایوی ایشن کو نشانہ بنانے کی کوئی نیت ظاہر نہیں کی۔

ایف اے اے کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں امریکی شہری پروازوں کیلئے حالات کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

Read Comments