شائع 21 نومبر 2025 10:27pm

ضمنی انتخابات میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر رانا ثنا اللہ کو نوٹس جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی–116 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں مبینہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر رانا ثنااللہ کو باضابطہ طور پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کو کل وضاحت کے لیے طلب کیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق تفصیلات سنی جا سکیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 20 نومبر کو رانا ثنااللہ نے پی پی–116 میں ن لیگ کے امیدوار رانا شہریار کے انتخابی جلسے میں شرکت کی، جو انتخابی ضابطۂ اخلاق کی واضح خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطۂ اخلاق میں واضح طور پر یہ پابندی عائد ہے کہ کوئی بھی حکومتی عہدیدار، وزیر یا پارلیمنٹ کا رکن انتخابی مہم کا حصہ نہیں بن سکتا اور نہ ہی کسی جلسے یا ریلی میں شرکت کر سکتا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کمیشن ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے اور ہر قسم کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ رانا ثنااللہ کی وضاحت موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 96 فیصل آباد کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو بھی 24 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔

Read Comments