سردیوں میں ہاتھوں کی خشکی سے نجات کا آسان اور مؤثر طریقہ
سردیوں کا موسم آتے ہی خشکی اور خشک جلد کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔ ہاتھوں کی خشکی، پھٹے ہوئے ہونٹ اور خشک پاؤں کی پریشانی خاص طور پر زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
جب ہاتھوں کی جلد خشک اور بے جان نظر آتی ہے تو یہ نہ صرف بدصورت لگتے ہیں بلکہ خود اعتمادی بھی متاثر ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے ہاتھوں کی جلد کو مسلسل موئسچرائز کرنے کے باوجود خشک اور مردہ محسوس کرتی ہیں، تو اس پریشانی کا حل ایک آسان اسکن کیئر ہیک میں چھپا ہے۔
اس خاص ہیک کی مدد سے آپ کی ہاتھوں کی جلد نرم اور چمکدار ہو جائے گی۔ دراصل، سردیوں میں ہاتھوں کی جلد پر مردہ خلیے جمع ہو جاتے ہیں جو کہ خشکی کو بڑھاتے ہیں۔ ان مردہ خلیوں کو صاف کرنے کے بعد ہاتھ نرم اور ملائم نظر آئیں گے۔ یہ خاص ہیک آپ کی جلد کو دوبارہ موئسچرائز کرنے میں مدد دے گا۔
نمک اور موئسچرائزر
سب سے پہلے کوئی بھی موئسچرائزر یا باڈی لوشن لیں اور اس میں دو چمچ نمک ملا لیں۔ پھر دونوں ہاتھوں پر لگا کر اس کا اچھی طرح مساج کریں۔ نمک ہلکے سے اسکرب کے طور پر کام کرے گا اور مردہ جلد کو صاف کرے گا، جبکہ موئسچرائزر جلد میں گہرائی تک نمی فراہم کرے گا۔
اس مکسچر کا ہاتھوں پر مساج کرنے کے بعد ہاتھوں کو پانی سے دھو لیں۔ آپ بغیر صابن کے صرف پانی سے دھو سکتی ہیں تاکہ جلد کی نمی برقرار رہے۔ اس عمل سے ہاتھ نہ صرف نرم اور خوبصورت نظر آئیں گے بلکہ جلد بھی نم ہو جائے گی۔
زیتون یا ناریل کے تیل کا استعمال
اگر آپ قدرتی اجزاء کے ساتھ اپنی جلد کی دیکھ بھال کرنا چاہتی ہیں، تو نمک کے ساتھ زیتون کا تیل یا ناریل کا تیل استعمال کریں۔ اس تیل کو نمک کے ساتھ ملا کر ہاتھوں پر مساج کریں اور پھر دھو لیں۔ یہ آپ کی جلد کو قدرتی طریقے سے نرم اور نمی بخشے گا۔
خیال رکھیں کہ اگر آپ کو بلڈ پریشر سے متعلق کوئی بیماری ہے تو نمک کو ہاتھوں پر رگڑنے سے گریز کریں۔ کیونکہ نمک جسم میں سوڈیم کی مقدار بڑھا سکتا ہے، جو کہ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
اس ہیک کو آزما کر آپ سردیوں میں اپنے ہاتھوں کو خشکی اور بے جان پن سے بچا سکتی ہیں اور جلد کو نرم و ملائم بنا سکتی ہیں۔