ایشیز سریز کا دھماکے دار آغاز: انگلینڈ 172 پر آؤٹ، آسٹریلیا بھی مشکلات کا شکار
آسٹریلیا میں جاری ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا پہلا ہی روز سنسنی خیز رہا، اور تیز رفتار گیندوں نے بلے بازوں کو پِچ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا۔ پہلے ہی روز مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں۔
پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پوری ٹیم دو ہی سیشنز میں صرف 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اسٹارک نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ برینڈن ڈوگٹ 2 اور کیمرون گرین ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
آسٹریلیا کے دو اہم بولرز جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز انجری کے باعث میچ میں شریک نہیں ہیں۔ کمنز کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
پہلی اننگز میں انگلش بیٹر ہیری بروک 52 اور اولی پوپ 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بین ڈکٹ 21، بین اسٹوکس اور برائیڈن کرس 6،6 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ زیک کرالی اور جو روٹ کوئی رن نہ بنا سکے۔
انگلش ٹیم 32.5 اوورز میں 172 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ بظاہر انگلینڈ کی ٹیم کم اسکور پر آؤٹ تاہم کینگروز بلے باز انگلش بالرز کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
172 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز جیک ویدریلڈ اور مارنس لبوشین نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر ویدریلڈ، جوفرا آرچر کا شکار بن گئے۔
انگلینڈ کی طرح آسٹریلوی بلے باز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور وقفے وقفے سے انگلش بالرز کا نشانہ بنتے رہے۔
الیکس کیری 26، کیمرون گرین 24 اور ٹریوس ہیڈ 17 بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ 17 جبکہ عثمان خواجہ صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے 5 آؤٹ کیے جبکہ برائیڈن کارس اور جوفا آرچر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لیے ہیں۔