نئی پی ایس ایل فرنچائزز؛ پی سی بی کی زیرِ گردش ناموں کی تردید
**پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی نئی فرنچائزز کے زیرِ گردش ناموں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دو نئی ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری کو ہوگی۔ نئی فرنچائزز کے لیے چھ ممکنہ شہروں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ **
پی ایس ایل حکام کے مطابق نیلامی میں صرف وہ بولی دہندگان شریک ہو سکتے ہیں جو تکنیکی طور پر اہل ہوں۔
پی ایس ایل میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں کے لیے ممکنہ ناموں میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے دو نئی فرنچائزز کے طور پر فیصل آباد اور گلگت کے نام فائنل ہونے کی افواہوں کی بھی تردید کی ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ نئی فرنچائزز کے لیے چھ شہروں کی فہرست میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔ بولیاں 15 نومبر کو پبلک ٹینڈر کے ذریعے کھولی گئیں اور تکنیکی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں کون سی ہوں گی؟
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ لیگ عالمی معیار کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے طور پر ترقی کر رہی ہے، نئی ٹیموں کے اضافے سے اس کی مقبولیت اور معیار مزید بڑھے گا۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ نئی فرنچائزز کی نیلامی کا مقصد لیگ کو مزید وسعت دینا اور ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام کے بعد لیگ میں کھیلنے والے شہروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور شائقین کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔