لوگ شاہ رخ خان کو کب بھول جائیں گے؟ ویویک اوبرائے نے بتا دیا
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا شمار دنیا کے نامور ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہیں فلہم انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھاتے کئی برس گزر چکے ہیں مگر آج بھی ان کی مقبولیت میں ذرا بھی کمی نہیں آئی ہے۔
تاہم معروف بالی ووڈ اداکار ویویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ لوگ شاہ رخ خان کو بھول جائیں گے۔
49 سالہ ویویک اوبرائے نے ایک بھارتی میڈیا ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہرت ہمیشہ قائم نہیں رہتی، اور آنے والے وقت میں نئی نسل شاید شاہ رخ خان کا نام بھی نہ جانتی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2050 میں یعنی آئندہ 25 برس بعد لوگ شاہ رخ خان کو پہچانتے بھی نہ ہوں اور یہ سوال کریں کہ آخر وہ تھے کون؟
ویویک اوبرائے کے بقول اگر آپ سن 1960 کی کسی فلم یا اس کے اداکاروں کے بارے میں سوال کریں تو اکثر لوگوں کو کچھ معلوم نہیں ہوتا۔ وقت کے ساتھ تاریخ کا حصہ بن جانا فطری عمل ہے۔ اسی طرح 2050 میں لوگ شاید پوچھیں کہ شاہ رخ خان کون تھے؟
ویویک اوبرائے نے یہ بات اسٹارڈم اور شہرت کی عارضی نوعیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کی گرد بڑے سے بڑے فنکاروں کو بھی گمنامی کی طرف دھکیل دیتی ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ شاہ رخ خان دنیا کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی عالمی شہرت کا بڑا سبب دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور کچھ کچھ ہوتا ہے جیسی رومانوی فلموں میں اُن کے یادگار کردار ہیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان حال ہی میں 60 برس کے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ممبئی میں مداحوں کے ساتھ اپنی سالگرہ کا خاص جشن منایا، جبکہ رواں سال ستمبر میں انہیں فلم جوان میں شاندار اداکاری پر پہلی بار بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔