دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کا جے ایف 17 کے ساتھ فوٹو شوٹ، معاملہ کیا ہے؟
دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کی جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ساتھ تصاویر اور پاکستانی پویلین میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں سے خوشگوار ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ صارفین دونوں ملکوں کے اہلکاروں کو ایک ساتھ دیکھ کر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
دنیا کی بڑے فضائی اور دفاعی نمائشوں میں شمار ہونے والا دبئی ایئر شو 2025 دبئی ورلڈ سینٹرل میں جاری ہے، جو جمعے کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس پانچ روزہ ایونٹ میں امریکی، یورپی، ایشیائی اور مشرقِ وسطیٰ کی بڑی دفاعی و ایوی ایشن کمپنیاں شریک ہیں۔ نمائش میں 1,500 سے زائد کمپنیاں، 115 ممالک کے 490 سرکاری اور نجی وفود سمیت 200 سے زائد طیارے شریک ہیں۔
شو میں کمرشل ایئرلائنز کے جدید ماڈلز، جنگی طیارے، ڈرونز، خلائی ٹیکنالوجی اور نئے اسٹارٹ اپس کی نمائش جاری ہے۔ امریکی، پاکستانی اور بھارتی فضائیہ سمیت دیگر ممالک کے فوجی دستے بھی اپنے طیاروں اور جدید ہتھیاروں کی نمائش کر رہے ہیں۔
ایئر شو کے دوران وزیٹرز کی بڑی تعداد پاکستانی پویلین کا رخ کررہی ہے جبکہ پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر خاص طور پر غیرملکی وفود اور عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ایئر شو میں پاکستانی پویلین اس وقت خصوصی توجہ کا مرکز بنا جب بھارتی فضائیہ کے اہلکار پاکستانی پویلین پہنچے۔ دونوں افواج کے اہلکاروں کے درمیان مسکراہٹوں کے تبادلے اور خوشگوار ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں کئی حلقوں کی جانب سے حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ کئی صارفین نے اسے ’منافقت‘ قرار دیا اور سوال اٹھایا کہ جب کرکٹ ٹیموں کو آپس میں ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں تو فضائیہ کے افسران کیسے پاکستانی پویلین جا سکتے ہیں؟
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے حامی کارکن تیجسوی پرکاش نے یہی تصویر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ہماری کرکٹ ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے بھی اجازت نہیں ہے مگر ہندوستانی فضائیہ کے افسران دبئی ایئر شو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کرسکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ چُنیدہ قوم پرستی ہی وہ چیز ہے جس پر مودی حکومت چل رہی ہے، دکھاوے کے لیے بائیکاٹ اور پسِ پردہ تعاون، یہ محض منافقت ہے جسے حب الوطنی کا لبادہ اوڑھا دیا گیا ہے‘۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو جے ایف 17 تھنڈر میں دلچسپی لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی اور اس پر بھی دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
ایک پاکستانی صارف نے بھارتی فوجیوں کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پڑوسی ملک سے جے ایف 17 تھنڈر کے پرستار‘۔
دوسرے صارف نے یہی تصویر شیئر کی اور طنز کرتے ہوئے لکھا ’انڈین ایئرفورس دبئی ایئر شو کے دوران پاکستانی ایئر فورس سے سبق لیتے ہوئے‘۔
ایک اور صارف نے بھارتی اہلکاروں کی پاکستانی جہاز کے ساتھ تصاویر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی اہلکاروں کو جے ایف 17 کے ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی۔ فضا میں ہم حریف سہی، مگر زمین پر ایوی ایشن کا جذبہ ہمیں ایک ساتھ لے آتا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’اگر بھارتی اہلکار ہمارے اہلکاروں کے ساتھ یہاں بات کر سکتے ہیں تو پھر کرکٹ کے میدان میں ڈرامے بازی کی کیا ضرورت ہے؟ کرکٹ جینٹل میں گیم ہے، کوئی جنگ کا میدان نہیں‘۔
واضح رہے کہ اس طرز کے بین الاقوامی ایونٹس میں مختلف ممالک کے فوجی اور سفارتی وفود ایک دوسرے کے پویلین کا دورہ کرتے ہیں جو کہ عام بات ہے اور معمول کی پیشہ ورانہ سرگرمی تصور کی جاتی ہے۔