جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ؛ بھارتی ٹیم کمبینیشن سے پریشان
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بھارتی ٹیم ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں بدترین پرفارمنس اور شکست پر کھلاڑیوں کے بعد اب کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کی پچ بھی بھارت میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہفتے کے روز سے گواہاٹی کے بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں میزبان ٹیم کولکتہ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد کم بیک کیلئے پرعزم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد بھارتی ٹیم اگلے میچ میں کمبینیشن کو لے کر ابھی تک کشکمش کا شکار ہے اور دوسرے ٹیسٹ میں اہم تبدیلیوں پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کپتان شُبھمن گل گردن کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے اور ان کے میدان میں اترنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں آرام دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اُنکی غیر موجودگی میں سائی سدھارتھن کے ایک بار پھر نمبر 3 پر بیٹنگ کرنے کا امکان ہے، جہاں گزشتہ میچ میں حیران کن طور پر واشنگٹن سندر کو آزمایا گیا تھا۔ شبھمن گل کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت نہ صرف چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے بلکہ قیادت کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔
بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ اتوار کو ختم ہوگیا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی کرکٹ حلقوں نے اب کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کی پچ پر اعتراضات اٹھانا شروع کردیے ہیں۔
جس کے جواب میں بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کہا کہنا ہے کہ وکٹ بالکل ویسی ہی تھی جیسی وہ چاہتے تھے۔ یہ وہی پچ تھی جہاں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے اور تیسرے دن ہی گیند معمول سے زیادہ اسپن لے رہی تھی اور بھارت 124 رنز کا آسان ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق شبھمن گل کی انجری کے باعث بھارت ایک بیٹر کم لے کر میدان میں اترا اور بہت سے تجزیہ کاروں کے مطابق پچ کی نوعیت نے بھی میچ کے نتیجے پر گہرا اثر ڈالا۔
اُدھر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے صدر اور سابق بورڈ چیف سارو گانگولی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سے چار روز قبل بی سی سی آئی کیوریٹرز پچ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اس معاملے پر میری رائے نہیں لی جاتی۔ بی سی سی آئی کے کیوریٹرز پچ بناتے ہیں تاہم ان سے جو درخواست کی جاتی ہے وہ اسی مطابق پچ بناتے ہیں’.
ہربھجن نے بھارت کی ’پاکستان کے ساتھ نو ہینڈ شیک‘ پالیسی ٹھکرا دی
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہت سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں رویندرا جڈیجا اور اکشر پٹیل کی جگہ برقرار رہے گی جبکہ واشنگٹن سندر کو ایک بار پھر مڈل آرڈر میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانے کیلئے دھرُوو جریَل کو اضافی بیٹر کے طور پر کھلایا جا سکتا ہے، تاکہ کولکتہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں صرف 93 رنز پر آؤٹ ہونے جیسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے ممکنہ پلیئنگ الیون میں یشاسوی جیسوال، کے ایل راہول، سائی سدھارتھن، رشبھ پنت، رویندرا جدیجا، دھرُوو جریَل، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہوں گے۔
جنوبی افریقی کے پاس تاریخی موقع
پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد جنوبی افریقا گواہاٹی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے۔
ٹیمبا باووما کی قیادت میں پروٹیز دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی یا ڈرا کی صورت میں بھارت میں سیریز اپنے نام کر سکتے ہیں۔ تاہم اس وقت دو اہم کھلاڑی بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ، آف اسپنر سائمن ہارمر کندھے کی تکلیف جبکہ فاسٹ بولر مارکو یانسن معمولی انجری کا شکار ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے منگل کو کولکتہ کے ووڈ لینڈز اسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ کروائے، یہی اسپتال شبھمن گل کی گردن کی انجری کا علاج بھی کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے اب تک صرف ایک بار بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتی ہے، جو 1999-2000 کے سیزن میں تھی۔ اس سیریز میں جنوبی افریقا نے دو میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔
خیال رہے کہ ایڈن گارڈنز میں کامیابی نے جنوبی افریقا کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔
2010 کے بعد بھارت میں ان کی ٹیسٹ میچ میں یہ پہلی جیت تھی جس سے ان کے پوائنٹس میں بہتری آئی۔ آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ سری لنکا تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر چلا گیا ہے۔