پانچ شادیاں، تنہا انجام: ’لارا لپّا گرل‘ کی درد ناک داستان
بالی وُوڈ کی چمک دمک، شہرت، روشنیوں اور شہرت کے پیچھے چھپی حقیقت اکثر بہت تلخ ہوتی ہے۔ بظاہر شان و شوکت میں ڈوبے اداکاروں کی زندگیاں دراصل اندر سے ٹوٹ پھوٹ، ناکام رشتوں اور مالی بحرانوں سے بھری ہوتی ہیں۔
ایسی ہی ایک المناک داستان مینا شوری کی بھی ہے۔ وہی اداکارہ جس نے پانچ بار شادی کی، شہرت کی بلندیوں کو چھوا، مگر آخری لمحات میں تنہا رہ گئیں اور ان کے جنازے کے اخراجات تک چندے سے پورے کیے گئے۔
فلم ’شعلے‘ کا اصل اختتام جو کبھی سامنے نہ آسکا، وجہ کیا تھی؟
مینا شوری، جن کا اصل نام خُورشید بیگم تھا، پنجاب میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کا بچپن سختیوں، گھریلو تشدد اور خوف میں گزرا۔ وہ اکثر اپنے والد کو ماں اور بہنوں پر ہاتھ اٹھاتے دیکھتیں، جس نے ان کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا۔
بہتر زندگی کی تلاش نے انہیں اپنی بڑی بہن کے ساتھ ممبئی پہنچایا، حالانکہ ان کے والد اس فیصلے کے سخت خلاف تھے۔ لیکن فلموں میں کام کرنا مینا کا خواب تھا۔
ممبئی میں ان کی قسمت اس وقت بدلی جب اُن کے بہنوئی انہیں مشہور ہدایتکار سہراب مودی کی فلم ’سکندر‘ کی لانچ پر لے گئے۔ مودی نے خُورشید کی شخصیت اور معصومیت میں کچھ خاص دیکھا اور انہیں فلم میں کردار دینے کے ساتھ نیا نام بھی دیا۔”مینا“۔
فلم کامیاب ہوئی، اور مینا کو مزید فلموں کی آفرز آنے لگیں جس میں محبوب خان کی فم’ہمایوں‘ اور روپ کے شوری کی ’شالیمار‘ شامل تھیں۔
سینئر بھارتی اداکارہ کامنی کوشل 98 برس کی عمر میں وفات پاگئیں
مگر سہراب مودی سے معاہدہ ختم کرنے کے باعث مینا پر 3 لاکھ روپے کا جرمانہ لگا۔ خوش قسمتی سے، مودی کی اہلیہ نے مداخلت کی اور رقم 30 ہزار تک کم کر دی۔
مینا شوری نے اپنی زندگی میں پانچ بار شادی کی، لیکن کوئی رشتہ دیرپا ثابت نہ ہوا۔ ان کی پہلی شادی ظاہر راجہ سے ہوئی، جن سے ان کی ملاقات فلم سکندر کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دوسری شادی اداکار ال ناصر سے ہوئی، جو بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔
تیسری شادی روپ کے شوری سے ہوئی، اسی دوران مینا سب سے زیادہ مشہور ہوئیں اور ہمیشہ ”مینا شوری“ کے نام سے یاد کی گئیں، لیکن پاکستان کے ایک دورے نے یہ رشتہ بھی ختم کر دیا۔ مینا نے پاکستان رک جانے کا فیصلہ کیا جبکہ روپ شوری واپس بھارت لوٹ آئے
اس کے بعد انہوں نے پاکستانی سینماٹوگرافر اور پروڈیوسر رضا میر سے شادی کی، مگر اختلافات کے سبب یہ رشتہ بھی ٹوٹ گیا۔ ان کی پانچویں اور آخری شادی اداکار اسد بخاری سے ہوئی، جو بھی ناکام رہی۔ مینا کے تین بچے تھے، دو بیٹے اور بعد میں ایک بیٹی انہوں نے گود لی تھی۔
فلمی کامیابی کے باوجود مینا شوری بڑھاپے میں مکمل مالی بدحالی کا شکار ہو گئیں۔انہیں علاج اور روزمرہ اخراجات تک کے لیے دوسروں پر انحصار کرنا پڑا۔
ان کے آخری دن نہایت تنہائی اور کسمپرسی میں گزرے اور افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ ان کے پانچوں شوہروں میں سے کوئی بھی آخری وقت میں ان کے ساتھ نہ تھا۔
جب وہ 9 فروری 1989 کو پاکستان میں انتقال کر گئیں تو ان کے جنازے کے اخراجات دوستوں اور مداحوں نے چندہ اکٹھا کرکے ادا کیے۔
مینا شوری کے گیت ”لارا لپا لارا لپا“ نے انہیں امر کر دیا، مگر ان کی ذاتی زندگی اس گیت کی خوشی سے بالکل برعکس تھی۔ ان کی کہانی اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ فلمی دنیا کی چکاچوند اکثر دلوں کے اندھیرے چھپا دیتی ہے۔