آئی فون میں ایک سے زائد واٹس ایپ اکاؤنٹس کیسے چلائیں؟
واٹس ایپ نے آخرکار آئی فون صارفین کو وہ فیچر دے دیا ہے جس کا انہیں سالوں سے انتظار تھا۔ اب آئی فون پر ایک ہی ڈیوائس پر کئی واٹس ایپ اکاؤنٹس چلائے جا سکتے ہیں، بغیر کسی پیچیدہ طریقے کے۔ لیکن ابھی یہ فیچر صرف بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، اس لیے صرف وہی لوگ اسے آزما سکتے ہیں جو واٹس ایپ کا بیٹا ورژن استعمال کر رہے ہیں۔
پہلے اگر کسی کے پاس ذاتی اور بزنس یا ورک واٹس ایپ نمبر ہوتے تھے، تو انہیں یا تو الگ فون استعمال کرنا پڑتا یا واٹس ایپ بزنس ایپ کا سہارا لینا پڑتا تھا، جو کہ اتنا آسان نہیں تھا بلکہ ایک پیچیدہ طریقہ کار کے تحت مکمل کر پاتے تھے۔ لیکن اب واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر شروع کیا ہے جس سے آپ ایک ہی فون پر دونوں اکاؤنٹس چلا سکتے ہیں، اور یہ بہت سادہ طریقے سے کام کرتا ہے۔
اب، ”واٹس ایپ بیٹا انفو“ کے مطابق، سیٹنگز میں ایک نیا آپشن آ چکا ہے جس کے ذریعے آپ ایک سے زیادہ اکاؤنٹس شامل کر سکتے ہیں۔ آپ اپنے اضافی اکاؤنٹ کو آسانی سے شامل کر سکتے ہیں، بغیر کسی اضافی فون یا ایپ کی ضرورت کے۔
آئی فون 18 عنابی رنگ میں؟ ممکنہ خصوصیات کیا ہوں گی؟
فی الحال آپ دو اکاؤنٹس تک شامل کر سکتے ہیں، اور یہ بہت آسان ہے۔ آپ یا تو ایک نیا نمبر رجسٹر کر سکتے ہیں، یا ایک پرانا اکاؤنٹ دوبارہ جوڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ دوسرے فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرکے بھی ایک اضافی اکاؤنٹ شامل کر سکتے ہیں۔
ہر اکاؤنٹ اپنے طور پر کام کرے گا، اور چیٹس، نوٹیفکیشنز، اور سیٹنگز ایک اکاؤنٹ سے دوسرے پر منتقل نہیں ہوں گی، تاکہ سب کچھ صاف اور الگ الگ رہے۔ اس کے علاوہ، جب آپ کو نوٹیفکیشن ملے گا، تو یہ واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ کس اکاؤنٹ سے ہے۔
اب تک کا سب سے پتلا آئی فون متعارف، نئے فیچرز کیا ہیں؟
واٹس ایپ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں وہ صارفین ناموں کی سپورٹ بھی متعارف کرانے جا رہے ہیں، یعنی آپ کا فون نمبر ہی واحد طریقہ نہیں ہوگا جس سے آپ کو پہچانا جائے گا۔ ملٹی اکاؤنٹ فیچر اسی تبدیلی کا حصہ ہے۔
فی الحال یہ فیچر ’بیٹا ورژن‘ میں ہے، اور ابھی تک اس کے سبھی صارفین کے لیے دستیاب ہونے کا وقت نہیں آیا۔ لیکن چونکہ ٹیسٹنگ شروع ہو چکی ہے، لگتا ہے کہ آئی فون صارفین کو جلد ہی یہ فیچر دستیاب ہوگا۔