شائع 18 نومبر 2025 06:54pm

دفاعی شعبے کے منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کے پیکج کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاعی شعبے کے منصوبوں کےلیے پچاس ارب روپے کے بڑے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دفاعی خدمات کے منصوبوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی سول آرمڈ فورسز کے دفاعی آلات کی مرمت کے لیے 10 کروڑ تین لاکھ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ سول آرمڈ فورسز کو مزید 84 کروڑ 15 لاکھ سے زائد کی اضافی گرانٹ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ڈیفنس سروسز کے منظور شدہ منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاسکو کے خاتمے اور ایس پی وی کے قیام کی سمری ای سی سی نے منظور کرلی اور اسپیشل پرپز وہیکل کے لیے 10 لاکھ روپے ابتدائی ادا شدہ سرمایہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاسکو کے مجوزہ اسٹرکچرڈ وائنڈ ڈاؤن کے لیے مجاز سرمایہ میں کمی، آف شور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن بلاکس کے لائسنس کی توسیع کی منظوری بھی دے دی جبکہ غیر ملکی کمپنیوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے پٹرولیم ڈویژن کی سفارشات منظور بھی کر لی گئیں۔

Read Comments