شائع 18 نومبر 2025 11:42am

پانچ چیزیں جو کبھی بھی آپ کے خواب میں نظر نہیں آتیں

خواب اکثر عجیب و غریب ہوتے ہیں۔ کہیں آپ اُڑ رہے ہوتے ہیں تو کبھی خود کو اچانک کسی مشکل میں گھرا پاتے ہیں۔ خوابوں میں ہمیں کئی طرح کی چیزیں اور مناظر دیکھتے کو ملتے ہیں، لیکن ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو کبھی خوابوں میں دکھائی نہیں دیتیں، چاہے وہ ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہی کیوں نہ ہوں۔

ماہرین کے مطابق پانچ چیزیں تقریباً ہر خواب میں غائب رہتی ہیں، اور ان میں سب سے حیران کن چیز ہمارے اسمارٹ فونز ہیں۔

برطانوی آن لائن جریدے ”ڈیلی میل“ کی رپورٹ کے مطابق ایک تحقیق میں 16 ہزار افراد کے خوابوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ خواتین کے خوابوں میں فون صرف 3 فیصد اور مردوں کے خوابوں میں صرف 2 فیصد ہی دکھائی دیتے ہیں۔

خوابوں سے متعلق 10 دلچسپ اور حیران کن حقائق

ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغ خواب کو ارتقائی طور پر خطرات اور جذبات کی عکاسی کے لیے تیار کرتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے لیے نہیں۔

نیند اور خواب کی محقق ڈاکٹر کیلی بولکی کے مطابق خوابوں میں دماغ زیادہ تر جذبات، تعلقات اور تخلیقی مناظر پر توجہ دیتا ہے، جبکہ روزمرہ کی چھوٹی تفصیلات جیسے کمپیوٹر یا فون استعمال کرنا غائب ہو جاتی ہیں۔

اس محدودیت کا دائرہ اسمارٹ فون تک نہیں، بلکہ لکھائی، خوشبو اور ذائقے بھی خوابوں میں شاذ و نادر ہی نظر آتے ہیں۔ گہری نیند کے دوران زبان اور حواس کے مراکز کم فعال ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے خوابوں میں یہ چیزیں بہت کم شامل ہوتی ہیں۔

کیا صبح کے خواب سچ ہوتے ہیں؟ ماہرین کیا کہتے ہیں؟

سب سے پراسرار پہلو آئینے میں عکس ہے۔ خواب میں آئینہ دیکھا جا سکتا ہے، لیکن آپ کا عکس عموماً مبہم، بدلا ہوا یا کسی اور شخص کی شکل میں ہوتا ہے۔ آپ خود کو کسی اور عمر یا غیر معمولی شکل میں پاتے ہیں، اور یہ حقیقت خوابوں کو مزید پراسرار اور خوفناک بنا دیتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواب ہوش کی دنیا کی عین کاپی نہیں، بلکہ ایک جذباتی، تخلیقی اور علامتی دنیا ہے، جو روزمرہ کی سادہ تفصیلات سے بالکل خالی ہوتی ہے۔

اس لیے اگلی بار جب آپ خواب میں کچھ عجیب دیکھیں، یاد رکھیں کہ یہ دنیا مکمل طور پر آپ کی حقیقت سے الگ اور کبھی کبھار خوفناک بھی ہو سکتی ہے۔

Read Comments