شائع 18 نومبر 2025 09:00am

آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم فیصل ممتاز آج حلف اٹھائیں گے، عہدہ سنبھالنے سے پہلے کئی اعلانات

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں اور وہ آج اپنے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھائیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

قانون ساز اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری میں تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں صرف دو ارکان نے ووٹ دیا۔ مسلم کانفرنس، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے کئی ساتھیوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، جس سے نتیجہ مزید یکطرفہ ہوگیا۔

نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے انتخاب کے بعد جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور وزیراعظم یہ عہد کرتے ہیں کہ اب ان کے قلم سے کوئی کام تاخیر کا شکار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ سیاست دان مراعات یافتہ طبقہ ہیں، مگر وہ اس سوچ کو گمراہ کن قرار دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری

فیصل ممتاز نے بتایا کہ ان کے والد نے دوستوں کے تعاون سے صرف ایک گھر بنایا تھا، اور انہوں نے الیکشن کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ واحد گھر بھی فروخت کر دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اسی پس منظر سے آتے ہیں جو عام لوگوں کا ہے، اس لیے عوام کی مشکلات کو بہتر سمجھتے ہیں۔

راجہ فیصل ممتاز نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ وہ اسپیشل سیکرٹری اور سینیئر سیکرٹری کی اضافی اسامیوں کو ختم کر رہے ہیں تاکہ غیر ضروری اخراجات ختم کیے جا سکیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے گریڈ ایک کے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا، جسے سرکاری ملازمین نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایکشن کمیٹی کے احتجاجی مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ان کے نمائندوں سے بیٹھ کر معاملات حل کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے وعدہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو مکمل اور برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ خواتین بھی ترقی کے اس سفر میں برابر کی شریک ہوں۔

Read Comments