فٹبال ورلڈ کپ شائقین کے لیے امریکی ویزا میں خصوصی ترجیح کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ ٹکٹ رکھنے والے غیر ملکی شائقین کو امریکی سفارتخانوں میں ویزا انٹرویو کے لیے خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ یہ نیا نظام، جسے فِیفا پریارٹائزڈ اپوائنٹمنٹ شیڈولنگ سسٹم (PASS) کا نام دیا گیا ہے، ان افراد کو فائدہ دے گا جو لمبے عرصے سے ویزا انٹرویو کی تاریخ کے منتظر ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے ٹکٹ ہولڈرز فیفا کے ذریعے اپنا کیس ترجیحی بنیادوں پر آگے لاسکتے ہیں۔
تاہم, امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا کہ ٹکٹ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کو خودکار طور پر امریکی ویزا مل جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ”ٹکٹ ویزا نہیں ہے، اس سے صرف یہ سہولت ملے گی کہ آپ کا انٹرویو چھ سے آٹھ ہفتوں میں ہوسکے گا۔ باقی تمام سیکیورٹی چیک وہی ہوں گے جو ہر درخواست گزار کے لیے ہوتے ہیں۔“
فٹبال ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جس میں زیادہ تر میچ امریکا میں کھیلے جائیں گے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے صدر ٹرمپ اور روبیو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ شائقین امریکا آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق پاس سسٹم کی وجہ سے ”اصل فٹبال شائقین“ بہترین سہولت کے ساتھ ویزا حاصل کرسکیں گے۔