یوکرین اور فرانس کے درمیان 100 رافیل طیاروں کے معاہدے پر دستخط
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے فرانس کے ساتھ آئندہ 10 سال کے لیے 100 رافیل جنگی طیارے حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں تاکہ روسی حملے کے مقابلے کے لیے یوکرین کی طویل المدتی فوجی استعداد کو مضبوط بنایا جا سکے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق زیلنسکی اس وقت پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے لیے موجود ہیں، ایسے موقع پر جب حالیہ ہفتوں میں روس نے یوکرین پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
دستخط کی تقریب کے بعد زیلنسکی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ، ”یہ دنیا کا سب سے بہترین فضائی دفاعی معاہدہ ہوگا۔“
فرانسیسی صدارتی محل ایلیزے نے طیاروں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے میں رافیل کے علاوہ فضائی دفاعی نظام، بم اور ڈرون بھی شامل ہیں، اور یہ تمام سامان داسوٹ کی جانب سے نیا تیار کردہ ہوگا، یعنی فرانس اپنے ذخائر سے کچھ منتقل نہیں کرے گا۔
فرانسیسی صدر میکرون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ، ”ہم نے 100 رافیل طیاروں کی منصوبہ بندی کی ہے، یہ ایک بہت بڑی تعداد ہے۔ یوکرینی فوج کی دوبارہ تشکیل کے لیے یہی ضروری ہے۔“
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیل فرانس اور ڈسالٹ کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہے۔ معاہدے کی خبر کے بعد ڈسالٹ کے حصص میں نمایاں اضافہ ہوا اور 1137 جی ایم ٹی تک 7.4 فیصد اوپر رہے۔
رپورٹ کے مطابق فرانس آئندہ دو برسوں میں مرحلہ وار طیاروں کی ترسیل کا آغاز کرے گا، دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تکنیکی اشتراک بڑھانے پربھی اتفاق کیا ہے۔