آزاد کشمیر: انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب، فیصل راٹھور نئے وزیرِاعظم منتخب
آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے۔ ایوان میں پیش کی گئی تحریکِ عدم کے حق میں 38 جبکہ مخالفت میں دو ووٹ سامنے آئے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے چوہدری انوارالحق کے خلاف پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ جس کے بعد پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم بن گئے۔
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرِ صدارت شروع ہوا۔ پیپلزپارٹی کے رکنِ اسمبلی چوہدری قاسم مجید نے تحریکِ عدم اعتماد ایوان میں پیش کی، جس پر 38 ارکان نے قرارداد کے حق میں جبکہ دو ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد میں متبادل قائدِ ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا تھا۔ ممتاز راٹھور اَب آزاد کشمیر کے 16ویں اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
پیپلزپارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کر دیا
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدی انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیپلزپارٹی کی جانب سے جمعے کے روز جمع کرائی گئی تھی۔ اس سے قبل راجہ پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے باضابطہ امیدوار نامزد کیا تھا۔
آج پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر بھی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط موجود تھے۔
تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے والے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کا کہنا ہے چھ ماہ پہلے ہی جانے کا ارادہ تھا۔ انہوں نے ممکنہ نئے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد چوہدری انوارالحق وزیراعظم نہیںرہے۔ چوہدری انوارالحق اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔