اپ ڈیٹ 17 نومبر 2025 01:38pm

تیز آواز میں موسیقی اور بار بار ہارن بجانے والی گاڑیوں کی اب اے آئی سے پکڑ ہوگی

دبئی پولیس نے شہر کو پرسکون اور مہذب بنانے کے لیے ایک جدید قدم اٹھایا ہے۔ اب شور مچانے والی گاڑیوں کو پکڑنے کے لیے اے آئی ریڈار سسٹم نصب کر دیا گیا ہے، جو تیز موسیقی چلانے یا زیادہ ہارن دینے والی گاڑیوں پر نظر رکھے گا۔

دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہر کو دنیا کے پرسکون اور مہذب شہروں میں شامل کرنے اور عوام کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اے آئی ریڈار سسٹمز گاڑیوں کے شور کو درست انداز میں ماپتے ہیں، شور کی اصل ماخذ کی شناخت کرتے ہیں اور قواعد کی خلاف ورزی پر ویڈیو ثبوت بھی محفوظ کرتے ہیں۔ یہ سسٹم غیر ضروری ہارن اور بلند آواز میں آڈیو چلانے والے ڈرائیوروں کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔

اس اقدام کے تحت جرمانے 2 ہزار درہم تک ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس پر 12 بلیک پوائنٹس لگائے جائیں گے، جبکہ گاڑی کی رہائی کی فیس 10 ہزار درہم مقرر کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقصد صرف جرمانہ لگانا نہیں بلکہ شہریوں میں سڑکوں پر مہذب رویے کو فروغ دینا ہے۔ دبئی پولیس نے بتایا کہ آنے والے مہینوں میں ریڈار کی تعداد بڑھائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں نگرانی ممکن ہو۔

میجر جنرل سیف مہیر المزروئی نے کہا کہ یہ اقدام دبئی پولیس کے سمارٹ ٹریفک ٹیکنالوجیز میں ایک اہم قدم ہے، جس سے شور اور غیر ضروری رویوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور سڑکیں محفوظ اور پرسکون بنیں گی۔

پولیس عوامی آگاہی کے پروگرام بھی جاری رکھے گی، تاکہ شور کے انسانی صحت اور ماحول پر اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔ المزروئی نے کہا کہ دبئی پولیس جدید ٹیکنالوجی استعمال کر کے قانون نافذ کر رہی ہے تاکہ شہر کے معیار اور عوامی سکون کو برقرار رکھا جا سکے۔

Read Comments