اپ ڈیٹ 16 نومبر 2025 11:02pm

شاہ عبداللہ دوم کا ’گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز‘ کا دورہ، عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کے دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے معزز وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کے دورے کے دوران اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ سمیت سول و عسکری حکام کا اعلیٰ سطح وفد بھی موجود تھا۔ فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر نے اردن کے بادشاہ اور ان کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ معز مہمان نے مشترکہ فائر اینڈ مینوور مشق دیکھی، جس میں زمینی، فضائی اور ملٹی ڈومین آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈرونز، اسپیکٹرم وار فیئر اور مربوط فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

بادشاہ عبداللہ دوم نے مشق میں شرکت کرنے والے جوانوں اور ہوائی عملے کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اردن کے بادشاہ اور اردن کے عوام کے لیے گہرا احترام اور محبت رکھتا ہے، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور امن و ترقی کے مشترکہ مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دو طرفہ مضبوط دفاعی شراکت داری پر زور دیا اور مستقبل میں عسکری تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بادشاہ عبداللہ دوم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آرڈر آف دی ملٹری میرٹ آف فرسٹ ڈگری سے نوازا ہے، جس سے اردن اور پاکستان کے درمیان عسکری تعاون کو مضبوط کرنے میں ان کی نمایاں خدمات اور شراکت کو سراہا گیا۔

Read Comments