شائع 16 نومبر 2025 07:35pm

صدر مملکت نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو ’نشانِ پاکستان‘ سے نواز دیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ اس تقریب میں اعلیٰ حکام اور سیاسی قیادت نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبدالّلہ دوم کو نشانِ پاکستان عطا کیا۔ جبکہ شاہِ اردن نے صدر آصف علی زرداری کو آرڈر آف دی رینیسانس سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صدرِ آصف علی زرداری اور شاہ عبدالّلہ دوئم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں شخصیات نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت بھی کی۔ صدر آصف علی زرداری نے دوطرفہ دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو، فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور نیول چیف سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Read Comments