شائع 16 نومبر 2025 09:56am

کھانا زیادہ دیر تازہ رکھنے کے لیے فریج کا صحیح استعمال کیسے کریں؟

فریج میں خوراک کو تازہ رکھنے کا اصل راز صحیح درجہ حرارت، باقاعدگی سے کی گئی صفائی، مؤثر منصوبہ بندی اور مناسب اسٹوریج میں پوشیدہ ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ فریج کا درست استعمال نہ صرف خوراک کے ضیاع میں نمایاں کمی لاتا ہے بلکہ غذائیت، ذائقہ اور گھر کے بجٹ کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔

گھر لائے ہوئے بہترین پھل اور سبزیوں کی تازگی برقرار رکھنا اکثر ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ بہت سے لوگ فریج کو صرف ”آن“ کر کے بھول جاتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کھانے کی اشیاء کی حفاظت، درست درجہ حرارت اور مناسب اسٹوریج پر مسلسل توجہ ضروری ہوتی ہے تاکہ خوراک کا ضیاع کم ہو اور بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

سردیوں میں فریج سے متعلق ان باتوں کا ضرور خیال رکھیں

سوشل میڈیا پر خوراک کو دیر تک محفوظ رکھنے کے بے شمار طریقے گردش کرتے رہتے ہیں۔کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پھلوں کو پہلے دھو کر فریج میں رکھیں، جبکہ کچھ ہر چیز کو پلاسٹک یا شیشے کے ڈبوں میں بند کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ لیکن ماہرین کے مطابق غذا کو صحیح انداز میں محفوظ کرنے کا کوئی ایک حتمی طریقہ موجود نہیں، بلکہ ہر کھانے کی نوعیت اور اس کی ضرورت کے مطابق طریقہ کار بدل جاتا ہے۔

یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کی ترجمان ایمیلی ہلیئرڈ کے مطابق کھانے کو صرف فریج میں رکھ دینا کافی نہیں ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’ریفرجریشن کے باوجود کھانے میں فنگس، لیسٹیریا، سالمونیلا اور ای کولی جیسے خطرناک جراثیم پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے اشیاء کے رکھے جانے کا دورانیہ اور صفائی خاص طور پر اہم ہے۔‘

چھٹیوں کے موسم میں جب گھروں میں زیادہ کھانا بنتا ہے، بجٹ کم ہوتا ہے اور ہر کوئی چاہتا ہے کہ خوراک زیادہ دیر تک چل سکے، تو احتیاط مزید لازمی ہو جاتی ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی، ڈیوس کی پروفیسر ڈایان بیکلز کا کہنا ہے کہ، منصوبہ بندی، معتدل خریداری اور بچ جانے والے کھانوں کا بہتر استعمال نہ صرف فضلہ کم کرتا ہے بلکہ بڑھتی مہنگائی میں خرچے کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

فریج میں اشیاء رکھنے سے پہلے کی چنداہم احتیاطیں

ماہرین کے مطابق خوراک کی حفاظت فریج تک پہنچنے سے پہلے شروع ہو جاتی ہے۔

ایسی اشیاء خریدیں جو اپنی میعادِ فروخت یا میعادِ استعمال کے اندر ہوں۔

کھانا گھر پہنچنے کے دو گھنٹے کے اندر فریج میں رکھ دیں، خاص طور پر گرمیوں میں انہیں فریج میں رکھنے میں دیر نہ لگائیں۔

فریج کی باقاعدگی سے صفائی کریں اور خراب غذا فوراً ضائع کردیں۔

پھلوں اور سبزیوں کا کیسے اسٹور کیا جائے؟

کیلیفورنیا پولی ٹیکنک اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر وائیٹ براؤن کے مطابق، ’زیادہ تر پھل اور سبزیاں فریج میں رکھنے سے غذائیت برقرار رکھتی ہیں اور ان کی شیلف لائف بڑھ جاتی ہے۔‘

ماہرین کی تجاویز

پھل اور سبزیاں الگ الگ کریسپر ڈراؤرز میں رکھیں تاکہ نمی پر کنٹرول رہے۔

بیریز کو خشک رکھیں اور کھانے سے پہلے دھوئیں۔

بروکلی، گاجر، بینز اور پتوں والی سبزیاں فریج میں بند تھیلیوں میں رکھیں۔

سیب، ٹماٹر، نیکٹرین، لہسن اور پیاز کو کچن کے کاؤنٹر پر بھی رکھا جا سکتا ہے۔

خراب یا گلتے پھل فوراً نکال دیں کیونکہ وہ ایتھلین گیس چھوڑ کر دوسری سبزیوں کو جلد خراب کرتے ہیں۔

براؤن بتاتے ہیں کہ، آلو فریج میں رکھنے سے ان کا اسٹارچ شکر میں بدل جاتا ہے، جو پکانے پر سیاہ دھبے بناتا ہے۔

گوشت، انڈے اور پروٹین والی اشیاء

کچا گوشت فریج میں ہی رکھیں اور دو گھنٹے سے زیادہ کمرے کے درجہ حرارت پر نہ چھوڑیں۔

گوشت کو فریج کے نچلے حصے میں رکھیں تاکہ رس دوسرے کھانے تک نہ پہنچے۔

انڈے فریج کے اندرونی حصے میں رکھیں، دروازے میں نہیں، کیونکہ وہاں درجہ حرارت زیادہ گرم ہوتا ہے۔

کیا فریج سے نکالا ہوا ٹھنڈا کھانا فوراً کھانا محفوظ ہے؟

دودھ، دہی اور پنیر

دودھ، دہی، پنیر اور متبادل مشروبات (بادام، ناریل و سویا دودھ) لازمی فریج میں رکھے جائیں۔

دہی کو اوپر والی شیلف پر رکھا جا سکتا ہے۔

پنیر کو دروازے یا اوپری حصے پر نہ رکھیں، ورنہ خشک ہو سکتا ہے۔

بریڈ، اناج اور چاول

ایف ڈی اے کے مطابق بریڈ کو فریج میں رکھنے سے وہ جلدی خشک ہو جاتی ہے، لیکن نمی والے علاقوں میں فریج مولڈ بننے سے بچا سکتا ہے۔

جما کر رکھنے سے بریڈ چھ ماہ تک محفوظ رہتی ہے۔

چاول، پاستا اور آٹا کمرے کے درجہ حرارت پر رکھے جا سکتے ہیں۔

تیار شدہ کھانا، بچا ہوا فوڈ اور مشروبات

تیار کھانا اور بچا ہوا کھانا فریج کی اوپری شیلف پر رکھیں تاکہ آسانی سے نظر آ سکے۔ڈریسنگز اور چٹنیاں دروازے میں رکھیں۔

امریکی محکمہ زراعت کے مطابق لیفٹ اوورز 3–4 دن فریج میں اور 3–4 ماہ تک فریزر میں محفوظ رہتے ہیں۔

Read Comments