وزیراعظم اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ (دوم) سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور اردن کے درمیان پائیدار دوستی کے ثبوت کے طور پر اجاگر کیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے غزہ تنازعہ کے ساتھ ساتھ جنگ کے بعد غزہ میں استحکام اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔
فلسطین کے معاملے پر دونوں رہنماؤں نے جنگ کے بعد غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف بشمول غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی سمجھوتے سے گریز کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط ہوئے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے آٹھ عرب اسلامی ممالک، جو امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں،کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔