ایران کی امارات سے روانہ تیل بردار بحری جہاز ضبط کرنے کی تصدیق
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا ہے۔ ’’تالارا‘‘ نامی یہ ٹینکر مارشل آئی لینڈز کے جھنڈے تلے سفر کر رہا تھا اور متحدہ عرب امارات سے سنگاپور جا رہا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ٹینکر غیر مجاز کارگو لے جانے کے الزام میں ضبط کیا گیا، تاہم خلاف ورزی کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق جہاز میں ہائی سلفر گیس آئل موجود تھا۔
برطانیہ کی میری ٹائم سیکورٹی کمپنی امبری نے بتایا کہ تالارا ٹینکر امارات کی ریاست عجمان سے روانہ ہوا تھا اور اسٹریٹ آف ہرمز کے ذریعے جنوب کی سمت جا رہا تھا کہ اسے تین چھوٹی کشتیوں نے گھیر لیا۔ اس کے بعد جہاز نے اچانک اپنا راستہ تبدیل کر لیا۔
امریکا کی نیوی کی پانچویں فلیٹ، جو اس خطے کی نگرانی کرتی ہے، نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر فعال طور پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تجارتی بحری جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں بلا رکاوٹ آمدورفت اور تجارت کے حقوق حاصل ہیں۔
ادھر جہاز کے انتظامات سنبھالنے والی کمپنی نے اعلان کیا کہ جمعے کی صبح عملے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جب ٹینکر شارجہ کے خورفکان پورٹ سے تقریباً 20 ناٹیکل میل دور تھا۔