شائع 15 نومبر 2025 02:54pm

پانی گرم کرنے والی راڈ کا استعمال؛ یہ 5 خطرناک غلطیاں ہرگز نہ کریں

سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی گھروں میں گرم پانی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ ہر گھر میں گیزر موجود ہو ایسا ضروری نہیں، اسی لیے زیادہ تر لوگ امیشن راڈ کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ سستی بھی ہے اور آسانی سے ہر جگہ مل جاتی ہے، لیکن اگر اسے احتیاط کے بغیر استعمال کیا جائے تو یہ آپ کی جان اور صحت دونوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

اکثر حادثات ایک چھوٹی سی غلطی کے باعث ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ امیشن راڈ استعمال کرتے وقت چند باتوں کا خاص خیال رکھا جائے۔

سردیوں میں بچوں کو سرسوں کا گرم تیل لگائیں، نزلہ زکام دور بھگائیں

راڈ کو پانی میں ڈالنے سے پہلے سوئچ آن نہ کریں

بہت سے لوگ جلدی میں امیشن راڈ کو پانی میں ڈالنے سے پہلے ہی پلگ بجلی سے جوڑ کر سوئچ آن کر دیتے ہیں، جو انتہائی خطرناک عادت ہے۔

راڈ کو ہمیشہ پانی کے اندر مکمل طور پر ڈبونے کے بعد ہی سوئچ آن کریں۔ خشک حالت میں راڈ چلانے سے شارٹ سرکٹ، چنگاریاں اور آگ لگنے تک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کیبل اور پلگ ضرور چیک کریں

ہر استعمال سے پہلے راڈ کی تار، پلگ اور کنکشن کو اچھی طرح دیکھیں۔اگر تار میں کوئی کٹ ہو یا پلگ ڈھیلا یا جلا ہوا لگے تو فوراً نیا لگوائیں۔

کٹا ہوا تار نہ صرف کرنٹ لگا سکتا ہے بلکہ پورا سسٹم شارٹ سرکٹ بھی ہو سکتا ہے۔

امیشن راڈ کو لوہے کی بالٹی میں کبھی استعمال نہ کریں

لوہا بجلی کا بہترین موصل ہوتا ہے، اسی لیے لوہے کی بالٹی میں راڈ ڈالنا جان کا خطرہ پیدا کر دیتا ہے۔

ہمیشہ پلاسٹک، فائبر یا کسی محفوظ موصل والے برتن میں پانی گرم کریں۔ لوہے کی بالٹی میں استعمال کرنے سے پانی یا بالٹی کو ہاتھ لگاتے ہی شدید کرنٹ لگ سکتا ہے۔

پانی کی مقدار مناسب رکھیں

اگر پانی کم ہو اور راڈ زیادہ باہر رہے تو وہ اوور ہیٹ ہو کر پھٹ بھی سکتا ہے۔

کم پانی میں زیادہ دیر چلنے سے راڈ جل جاتا ہے، شعلہ اٹھ سکتا ہے یا بالٹی تک پگھل سکتی ہے۔

پانی ہمیشہ اس سطح تک رکھیں کہ راڈ کا حصہ اچھی طرح ڈوبا رہے۔

پانی گرم ہونے کے بعد فوراً پلگ نکال دیں

پانی گرم ہو جائے تو راڈ کو چلتا نہ چھوڑیں۔ ایسا کرنے سے زائد حرارت جمع ہوتی ہے جو شارٹ سرکٹ، دھماکے یا بجلی کے جھٹکے کا سبب بن سکتی ہے۔

یاد رکھیں، گرم راڈ کو پانی سے نکالنے کے فوراً بعد نہ چھوئیں، اس سے ہاتھ جل سکتا ہے۔

سوئچ آف کیے بغیر پانی میں ہاتھ نہ ڈالیں

جب تک سوئچ آن ہو، پانی کو ہرگز نہ چھوئیں، ورنہ خطرناک جھٹکا لگ سکتا ہے۔سوئچ بند کرنے کے بعد بھی ایک لمحہ رُک کر پانی کو ہاتھ لگائیں تاکہ مکمل طور پر بجلی کا بہاؤ ختم ہو چکا ہو۔

امیشن راڈ سستی ضرور ہے، لیکن صحیح طریقے سے استعمال نہ کی جائے تو یہ آپ کی جان کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

اگر آپ ان چند آسان احتیاطوں پر عمل کر لیں تو نہ صرف حادثات سے بچ سکتے ہیں بلکہ زیادہ محفوظ اور آسان طریقے سے گرم پانی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

Read Comments