چینی اسپیس اسٹیشن پر خلائی جہاز خراب، آخر ہوا کیا؟
چین کے تین خلا باز ایک ہفتے سے زائد عرصہ کے بعد جمعہ کو زمین پر واپس پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرزکے مطابق ان کا خلائی جہاز شین ژو-20 اسپیس اسٹیشن پر خراب ہو گیا تھا۔ جہاز میں کھڑکی میں دراڑ آنے کی وجہ سے یہ حادثاتی طور پر خطرناک ہو گیا تھا، جس کے بعد چینی خلائی حکام نے فیصلہ کیا کہ یہ جہاز مزید پرواز کے قابل نہیں رہا۔
لہٰذا شین ژو-20 اسپیس اسٹیشن پر چھوڑ دیا گیا اور اس کے عملے چن ڈونگ، چن ژونگروی اور وانگ جیے نے شین ژو-21 جہاز کے ذریعے زمین پر واپسی کی، جو اصل میں چھ ماہ بعد واپس آنے والا تھا۔
چین نے اپنا سب سے کم عمر خلا باز خلائی اسٹیشن پر بھیج دیا
تیانگونگ اسٹیشن پر نئے خطرات
اب اسٹیشن پر موجود نئے عملے کے پاس فی الحال کوئی فعال خلائی جہاز موجود نہیں جو ہنگامی حالات میں انہیں واپس لا سکے۔ اس عملے میں 32 سالہ وو فی بھی شامل ہیں، جو چین کا سب سے کم عمر خلاباز ہے۔
چینی خلائی حکام نے اسٹیشن پر موجود خطرات کے بارے میں ابھی کوئی وضاحت نہیں دی، بلکہ سرکاری میڈیا نے شین ژو-21 کی زمین واپسی کے سفر پر توجہ مرکوز کی۔
تاریخی ریکارڈ اور کامیابی
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شین ژو-20 کے عملے کی واپسی چین کے خلائی پروگرام میں متبادل واپسی کا پہلا کامیاب تجربہ ہے۔ اس دوران تینوں خلابازوں نے مدارمیں طویل ترین قیام کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
آئندہ منصوبے اور ممکنہ اقدامات
چین مینڈ اسپیس ایجنسی نے کہا ہے کہ شین ژو-22 کو منصوبے سے پہلے ہی روانہ کیا جائے گا، تاکہ موجودہ عملے کو واپس زمین پر لایا جا سکے۔ شین ژو-20 کو یا تو مدار میں درست کرنا ہوگا یا اسے مکمل طور پر اسٹیشن سے ہٹانا ہوگا، کیونکہ تیانگونگ اسٹیشن کے لیے ہر وقت ایک خالی ڈوکنگ پورٹ ضروری ہے، تاکہ نئے شین ژو جہاز آ سکیں۔
اگر شین ژو-20 میں نقصان بہت زیادہ ہے، تو اسے اسپیس اسٹیشن سے علیحدہ کر کے بحر الکاہل میں گرایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ شین ژو جہاز کو عملے کی واپسی کے بعد اسپیس اسٹیشن پر چھوڑا گیا ہے۔