بابر اعظم کی 807 دن کے بعد سنچری: سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا
پاکستان کے اسٹار بلے بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 807 دن بعد شاندار سینچری داغ کر ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا، انہوں نے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا سابق قومی لیجنڈ اوپنر سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا۔
پاکستان کے ریکارڈ ساز بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم کی ون ڈے کرکٹ میں طویل عرصہ سے روٹھی فارم واپس آ گئی اور فارم کی واپسی کے ساتھ ہی انہوں نے ایک ہی میچ کی ریکارڈ ساز اننگز میں دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
26 ماہ کا انتظار سری لنکا کے خلاف سنچری کے ساتھ ختم ہوگیا، بابراعظم آخر کار 83 انٹرنیشنل اور 34 ون ڈے میچز بعد سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے، پاکستان کے سابق کپتان نے ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ برابر کر دیا۔
سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 115 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی 20ویں سنچری ہے۔
31 سالہ بابر اعظم نے 10 سال کے دوران صرف 139 ایک روزہ میچوں کی 136 اننگز کھیلیں اور 37 نصف سنچریاں اور 20 سنچریاں مکمل کرتے ہوے لیجنڈری اوپنر سعید انور کا ریکارڈ برابر کیا۔
دوسری طرف سعید انور نے 14 سالہ ون ڈے کیرئیر کے دوران 247 میچز کی 244 اننگز کھیلیں اور 20 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں جب کہ سعید انور15 دفعہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔
ریکارڈز کے اس مقابلے میں سابق عظیم بلےباز محمد یوسف 281 میچوں کی 267 اننگز میں 15 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بابر اعظم نے 20 ویں ون ڈے سنچری کے ساتھ لیجنڈری بلے بازوں برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے، جنہوں نے اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل کیریئر میں 19 سنچریاں بنائی ہوئی ہیں۔