9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ریڈیوپاکستان پر 9 مئی حملےکی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
جمعے کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ریڈیو پاکستان پر 9 مئی حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کمیشن سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام شواہد جمع کر کے رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گا۔
اجلاس میں سہیل آفریدی نے اپنی حکومت کی پالیسی گائیڈلائنز وضع کیں۔ انہوں نے گزشتہ روز امن جرگے میں شریک تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن امن ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی تمام قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، سب سے اہم قرارداد ’ایکشن اِن ایڈ آف سول پاورز‘ کے خاتمے سے متعلق ہے جو بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے، سود سے پاک خیبرپختونخوا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہم خیبرپختونخوا کو سود کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں، صوبے میں اسلامک انوسٹمنٹ متعارف کرائیں گے۔